پاکستان اور جرمنی کا دہشت گردی کے خلاف جنگ ،توانائی، معیشت اور تجارت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان بڑی قربانیاں دے رہا ہے،اس لعنت کو شکست دیکر رہیں گے، نوازشریف،ملالہ کی تعلیم کے شعبے میں خدمات قابل قدر ہیں اور پاکستان میں ملالہ کو اہم مقام حاصل ہے اور انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے،پاکستان سے دو طرفہ تعلقات بڑھانا اور کئی شعبوں میں پاکستان کی مدد کرنا چاہتے ہیں ، پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان آزادانہ تجارت کی حمایت کریں گے،وزیراعظم نوازشریف اور جرمن چانسلر کی ملاقات کے بعدمشترکہ پریس کانفرنس

بدھ 12 نومبر 2014 09:20

برلن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12نومبر۔2014ء)پاکستان اور جرمنی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ ،توانائی، معیشت اور تجارت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان بڑی قربانیاں دے رہا ہے اور اس لعنت کو شکست دیکر رہیں گے، پاکستان جرمنی مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے۔

ملالہ کی تعلیم کے شعبے میں خدمات قابل قدر ہیں اور پاکستان میں ملالہ کو اہم مقام حاصل ہے اور انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جبکہ جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانا اور کئی شعبوں میں پاکستان کی مدد کرنا چاہتے ہیں ہم پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان آزادانہ تجارت کی حمایت کریں گے۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو یہاں ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ برلن میں جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے وزیراعظم میاں نواز شریف کی ملاقات میں دو طرفہ امور‘ تجارتی اور اقتصادی تعاون اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ توانائی فورم کے قیام پر جرمنی کے شکر گزار ہیں جرمن چانسلر نے توانائی کے شعبے میں تعاون کا یقین دلایا ہے جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے ملالہ یوسفزئی کو پاکستان کی شناخت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملالہ کئی لوگوں کیلئے مشعل راہ ہے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔

چانسلر ہاؤس برلن میں ہونیوالی ملاقات مقررہ وقت سے زائد جاری رہی اور وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی۔ قبل ازیں نواز شریف چانسلر ہاؤس پہنچے تو انجیلا مرکل نے ان کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور دونوں رہنماؤں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انجیلا مرکل نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ مفید اور تفصیلی بات چیت ہوئی ہے ملالہ یوسفزئی جیسی بہادر لڑکی پاکستان کی شناخت ہے ملالہ یوسفزئی کونوبل انعام ملنے پر پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ملالہ کا مقصد ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے ملالہ کئی لوگوں کیلئے مشعل راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانا اور کئی شعبوں میں پاکستان کی مدد کرنا چاہتے ہیں ہم پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان آزادانہ تجارت کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنے دورہ جرمنی کے دوران معاشی تعلقات بہتر بنانے پر زور دیا ہم پاکستان کے ساتھ معاشی تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے انہوں نے کہا کہ پر امن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔

افغانستان کو دوبارہ خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتے ہمیں امید ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکراتی عمل بہتر ہوگا اور اس کے حوصلہ افزا نتائج نکلیں گے۔ وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ جرمن چانسلر سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ‘ عالمی امور اور خطے کی صورتحال پر بات چیت ہوئی ہمارے جرمنی کے ساتھ خوشگوار ‘ گہرے اور دوستانہ تعلقات ہیں پاکستان کی خاطرجہ پالیسی میں جرمنی کو اہم مقام حاصل ہے انہوں نے کہا کہ کئی سال سے جرمنی عالی سطح پر پاکستان کا چوتھا بڑا شراکت دار ہے ہم توانائی فورم کے قیام پر جرمنی کے شکر گزار ہیں اور پاکستان کی مسلسل حمایت کرنے پر بھی جرمن چانسلر کے شکر گزار ہیں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان بڑی قربانیاں دے رہا ہے پاکستان جرمنی مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جرمنی کی طرف سے فنی تربیت کے پروگرام کو وسعت دینے کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ انہوں کہا کہ انجیلا مرکل کی قیادت میں جرمنی عالمی امن کیلئے اہم کردار ادا کررہا ہے ہم جرمن چانسلر کے آئندہ سال دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ ملالہ کی تعلیم کے شعبے میں خدمات قابل قدر ہیں اور پاکستان میں ملالہ کو اہم مقام حاصل ہے اور انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور پاکستانی عوام ملالہ کو نوبل انعام ملنے پر بہت خوش ہیں ۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے شعبے میں جرمن سرمایہ کاروں کے لیے بہت مواقع ہیں اور توانائی کے شعبے میں جرمن چانسلر نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔