قائد اعظم  کی آنکھیں بند ہوتے ہی یہاں کرپشن لوٹ کھسوٹ اور اقربا پروری کے دور کا آغاز ہوگیا ‘سراج الحق ، ملک میں تبدیلی اپنی خاندانی حکومتیں قائم کرنے والے نہیں لاسکتے ، پاکستان کی خاطر لڑنے اور زندہ رہنے کا جذبہ چاہئے ،بانی پاکستان قائد اعظم  نے صرف ایک خطہ زمین کیلئے نہیں بلکہ پاکستان کو اسلام کی تجربہ گاہ بنانے کیلئے حاصل کیا تھا ‘مری میں اجتما ع سے خطاب

پیر 10 نومبر 2014 09:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10نومبر۔2014ء) امیرجماعت اسلامی پاکستا ن سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں تبدیلی اپنی خاندانی حکومتیں قائم کرنے والے نہیں لاسکتے ،تبدیلی لانے کیلئے پاکستان کی خاطر لڑنے اورپاکستان کی خاطر زندہ رہنے کا جذبہ چاہئے ،بانی پاکستان قائد اعظم  نے صرف ایک خطہ زمین کیلئے نہیں بلکہ پاکستان کو اسلام کی تجربہ گاہ بنانے کیلئے حاصل کیا تھا ،تحریک پاکستان کے دوران برصغیر میں ایک ہی نعرہ گونجتا تھا کہ پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الااللہ مگر انگریزاور مغربی سامراج کے غلاموں نے اس پاک سرزمین کو دنیا بھر میں بھکاری بنا دیا ہے ، قائد اعظم  کی آنکھیں بند ہوتے ہی یہاں کرپشن لوٹ کھسوٹ اور اقربا پروری کے دور کا آغاز ہوگیا ،تعلیم ،صحت ،عدالت ،معاشرت اور معیشت اور اقتدار کے ایوانوں میں اسلام کا داخلہ بند کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

پاکستان کی خاطر لاکھوں جانوں کی قربانیاں دینے اور ہجرت کرنے والوں کی قربانیوں کو ضائع نہیں جانے دیں گے ،21تا 23نومبر مینار پاکستان سے تحریک تکمیل پاکستان کا آغاز کریں گے جس میں تحریک پاکستان کے کارکنوں ،شہداء اورمہاجروں کے وارث ہمارے شانہ بشانہ ہونگے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مری میں جماعت اسلامی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی راولپنڈی شمس الرحمن سواتی اور دیگر بھی موجود تھے ۔سراج الحق نے کہا کہ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کیلئے بہترین عطیہ خداوندی تھا مگر خود غرض حکمرانوں نے اسے مستقل غربت ،مہنگائی ،جہالت اور بیماریوں کا گھر بنا دیا ہے ،ذلت اور محتاجی ہمارا مقدر بن گئی ہے ،آبادی کی اکثریت غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے ،تھر میں بھوک سے بچے مر رہے ہیں مگر بے حس حکمرانوں کو پرواہ نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر عوام بے حسی ،غیر جانبداری اور بڑی برائی کے مقابلے میں چھوٹی برائی کو اپنانے پر اکتفا کرتے رہے تو تبدیلی نہیں آئے گی ،آج ملک میں قبرستا ن کی سی خاموشی ہے ،انہوں نے کہا کہ حقیقی ضرورت یہ ہے کہ ہم اپنے آپ کو اور سارے نظام کو بدل ڈالیں ،انہوں نے کہا کہ جاگیر داروں، سرمایہ داروں،بنکوں کے سود خوروں ،بھتہ خوروں اور ضمیر کے سوداگر وں کے ہاتھوں ملک میں تبدیلی نہیں آئے گی ،انہوں نے کہا کہ قائد اعظم  نے پون صدی پہلے فرمادیاتھا کہ ”اگر مسلمان دنیا میں وقار کے ساتھ زندہ رہنا چاہتے ہیں تو ان کے سامنے ایک ہی راستہ ہے ،پاکستان کے لئے لڑیے اور پاکستان کیلئے زندہ رہیے اور اگر ناگزیر ہوتو اصول کیلئے جان دے دیجئے ورنہ مسلمان اور اسلام تباہ ہوجائے گا“سراج الحق نے کہا کہ 21نومبر سے قوم تکمیل پاکستان کا ایک ایسا مرحلہ شروع کرنے والی ہے جو خلافت راشدہ  کا نمونہ بن کر ظلم و استحصال کی ہر شکل کو مٹادے ،تاکہ ہر شہری کو روٹی، کپڑا،مکان ،علاج ،باعزت روز گارکے ساتھ ساتھ انہیں جان مال اور عزت کے تحفظ کی ضمانت دے سکے ،سراج الحق نے قوم سے اپیل کی کہ وہ تکمیل پاکستان کی اس تحریک میں قیام پاکستان کی تحریک کے جذبے سے جوق در جوق شرکت کریں اور اسلام اور پاکستان کے خلاف دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔

متعلقہ عنوان :