شمالی وزیرستان میں آپریشن منصوبہ بندی کے ساتھ کامیابی کی طرف گامزن ہے،تکمیل کے بعد بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا،آرمی چیف جنرل راحیل شریف،متاثرہ علاقوں کی بحالی کے حوالے سے حکومت سے مشاورت کے بعد جامع منصوبہ تیارکر لیا، فاٹا کی تعمیر وترقی فوج کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جنوبی وزیرستان میں قبائلی عمائدین سے خطاب

پیر 10 نومبر 2014 09:12

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10نومبر۔2014ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان کے دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں میں آپریشن منصوبہ بندی کے ساتھ کامیابی کی طرف گامزن ہے ،جسکی تکمیل کے بعد بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گااور متاثرہ علاقوں کی بحالی کے حوالے سے حکومت سے مشاورت کے بعد جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اتوارکے روز جنوبی وزیرستان میں سینٹرل ٹریڈ کوریڈور کی شاہراہ کا افتتاح کردیا اور یہ واحد پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی راستہ ہے افتتاح کیلئے جانے والے سیکشن کی لمبائی 75 کلو میٹر ہے اور سڑک فوج کے انجینئر دوست ممالک اور یو ایس ایڈ کے تعاون سے تیار کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

سینٹرل کوریڈور 705 کلو میٹر طویل ہے جو کہ شکئی ارو مکین کے علاقوں کو آپس میں ملائے گی اور سڑک فاٹا اور خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں سے گزرے گی جبکہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ متاثرہ علاقوں کی بحالی حکومت سے مشاورت کے بعد جامع حکمت عملی بنائی گئی ۔ اس کے علاوہ جنرل راحیل شریف نے قبائلی عمائدین سے ملاقاتیں بھی کیں اور ان کی جانب سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو بھی سراہا ۔

بعد ازاں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن منصوبہ بندی کے ساتھ کامیابی کی طرف گامزن ہے اور آپرینش مکمل ہوتے ہی بحالی اور تعمیر کا کام شروع کرینگے اور تمام متاثرہ علاقوں میں امن وامان سمیت استحکام لایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا اور مالاکنڈ میں توانائی کے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں اور فاٹا کی تعمیر وترقی فوج کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس طرح فوج متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام جاری رکھے گی ۔