خیبر ایجنسی،سکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی میں دو اہم کمانڈرز سمیت 20 دہشت گرد ہلاک

پیر 10 نومبر 2014 09:08

خیبر ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10نومبر۔2014ء) سکیورٹی فورسز کی خیبر ایجنسی کے علاقے اکاخیل تیراہ میں فضائی کارروائی میں13 دہشت گرد ہلاک ہوگئے مارے جانے والوں میں خود کش حملوں کی تربیت دینے والے اہم کمانڈرز بھی شامل ہیں‘ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر ایجنسی کے علاقے اکاخیل تیراہ کے علاقے میں پاک فوج نے جیٹ طیاروں کے حملے میں تیرہ دہشت گرد مارے گئے کارروائی میں خود کش حملوں کی تربیت دینے والے کمانڈر سمیت دو خود کش حملہ آور بھی ہلاک ہوگئے سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی تباہ کردیا گیا۔

خیبر ایجنسی وادی تیراہ میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں کی بمباری ، اہم کمانڈر سمیت 7 عسکریت پسند ہلاک ، متعدد زخمی ہوگئے جبکہ وادی تیراہ میں امن کمیٹی توحید اسلام اور لشکر اسلام کے مابین جھڑپ میں 2افراد ہلاک ، متعدد زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

سکیورٹی حکام کے مطابق وادی تیراہ کے علاقے اکاخیل میں جیٹ طیاروں نے کالعدم تنظیم لشکر اسلام کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ۔

ذرائع کے مطابق بمباری سے کالعدم تنظیم لشکر الاسلام کے ایک اہم کمانڈر منور سمیت 7عسکریت پسند ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ۔ ذرائع کے مطابق فورسز کی کارروائی میں عسکریت پسندو ں کے 3ٹھکانے بھی تباہ ہوئے ۔ سکیورٹی حکام کے مطابق باڑہ اور وادی تیراہ میں عسکریت پسندوں کیخلاف جاری آپریشن میں اب تک سو سے زائد عسکریت پسند ہلاک درجنوں زخمی جبکہ ان کے 15سے زائد ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا ۔

دوسری جانب خیبر ایجنسی وادی تیراہ میں امن کمیٹی توحید الاسلام اور لشکر الاسلام کے مابین تازہ جھڑپ میں دو افراد ہلاک متعدد زخمی ہوگئے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق جھڑپ تیراہ کے علاقے نری بابا میں ہوئی ہلاک شدگان میں ایک کا تعلق امن کمیٹی توحید الاسلام اور ایک کالعدم تنظیم لشکر الاسلام سے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق دونوں گروہوں کے درجنوں رضا کار ایک دوسرے کیخلاف مورچہ زن ہیں اور ایک دوسرے پر بھاری ہتھیاروں سے حملے کررہے ہیں جھڑپوں میں دونوں جانب سے بھاری ہتھیاروں کے آزادانہ استعمال کے باعث علاقے میں حالات انتہائی کشیدہ ہوگئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :