بیجنگ ،جنرل راشد محمود کی چین کے سول اورعسکری حکام سے ملاقاتیں ، عالمی اور علاقائی سیکورٹی ،پاک چائنا تعلقات ،خاص طور پر دونوں افواج کے درمیان تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، چینی حکام نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی کامیابیوں کوسراہا

ہفتہ 8 نومبر 2014 09:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8نومبر۔2014ء)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے بیجنگ میں چین کے سول اورعسکری حکام سے ملاقاتیں کی اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود چین کے سرکاری دورے پر ہیں ،جہاں انہوں نے چین کی سول اورعسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

جنرل راشد محمود نے چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چئیرمین ڑینگ ڈی ژیان سے ملاقات کی اور چین کی حکومت اور عوام کے لئے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ جنرل راشد محمود نے انسٹیٹیوٹ آف کنٹمپریری انٹر نیشنل ریلیشنز میں لیکچر دیتے ہوئے چین کے ساتھ پاکستان کے جیو اسٹریٹجک مفادات پر روشنی ڈالی اور توقع ظاہر کی کہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے،بعد میں جنرل راشد محمود نے چین کی سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین سے ملاقات کی اور دونوں افواج کے درمیان باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

پیپلز لبریشن آرمی کے چیف آف جنرل اسٹاف سے ملاقات میں عالمی اور علاقائی سیکورٹی ،پاک چائنا تعلقات ،خاص طور پر دونوں افواج کے درمیان تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقاتوں کے دوران چینی حکام نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی کامیابیوں کوسراہا۔