وفاقی حکومت مستقل چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کرسکی، سپریم کورٹ نے مستقل چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مقدمات سماعت کے لیے مقررکردیئے

ہفتہ 8 نومبر 2014 09:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8نومبر۔2014ء )وفاقی حکومت مستقل چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کرسکی ہے جبکہ سپریم کورٹ نے مستقل چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مقدمات سماعت کے لیے مقررکردیے ہیں ،جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ دس نومبر پیر کے روزوطن پارٹی کی جانب سے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کیس کی سماعت کرے گا،جبکہ یہی بنچ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدارتی انتخابات کے حوالے سے دائردرخواست کی بھی سماعت کرے گا،چیف جسٹس پاکستان ناصرالملک کی سربراہی میں جسٹس گلزاراحمداور جسٹس دوست محمدخان پر مشتمل تین رکنی بنچ بارہ نومبر کوپروین رحمان قتل کیس اور اسلام آباد کچہری خود کش حملہ کیس کی سماعت کرے گا،جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ گیارہ نومبرمنگل کے روزغلام رسول بنام فیڈریشن آف پاکستان کے تحت ملک بھرکے اہم اداروں کے سربراہان کی عدم تقرری بارے کیس کی سماعت کرے گاجبکہ چیف جسٹس ناصراملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد بارے کیس کی سماعت تیرہ نومبر کوکرے گاجس کے لیے فریقین کواطلاعاتی نوٹسز بھی جاری کردیے گئے ہیں ۔