لنڈی کوتل بازار میں 2 دھماکوں میں 4 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 5 افراد جاں بحق،دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن 10 مشتبہ افراد گرفتا ر

جمعرات 6 نومبر 2014 09:47

خیبرایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6نومبر۔2014ء) تحصیل لنڈی کوتل بازار میں یکے بعدیگرے 2 بم دھماکوں کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

سیکیو رٹی ذرائع کے مطابق خیبرایجنسی کی تحصیل لنڈی کوتل کے مشہور بازار ذخا خیل میں سڑک کنارے نصب بم زور داردھماکے سے پھٹ گیا جس کی زد میں آکر 2 اہلکار اور ایک امن لشکر کا رضا کار جاں بحق ہوگیا، دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مقامی افراد کی جانب سے جائے وقوعہ پر امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئی اور اسی اثنا میں دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور اسی دوران ایک اور زوردار دھماکا ہوگیا جس کی زد میں آکر مزید 2 اہلکار جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے بارودی مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا جہاں سیکیورٹی اہلکاروں کے پہنچنے پرزوردار دھماکا ہوگیا جبکہ دھماکے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بازار اور قریبی بستیوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے تحصیل جمرود کے علاقے علی مسجد میں سرچ آپریشن کے دوران 10 مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کرلیا۔