پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات ہر صورت عام آدمی تک پہنچانامتعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے ،متعلقہ ادارے تندہی اورجانفشانی سے کام کریں،عوام کو کسی صورت ناجائزہ منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا،قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک نہ پہنچاتو یہ زیادتی ہوں گی جسے کسی صورت برداشت نہیں کروں گا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فوائد حقیقی معنوں میں عوام کو منتقل کرنے کیلئے فےئر فارمولہ فوری طورپر وضع کیا جائے، وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کا پرائس کنٹرول کے حوالے سے اجلاس سے خطاب

پیر 3 نومبر 2014 10:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3نومبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات ہر صورت عام آدمی تک پہنچنے چاہئیں۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حقیقی فائدہ عوام تک منتقل کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک نہ پہنچاتو یہ زیادتی ہوں گی جسے کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔

متعلقہ ادارے تندہی اورجانفشانی سے کام کریں اور پٹرولیم مصنوعات کی کمی کے حقیقی ثمرات کی عوام تک منتقلی یقینی بنائیں۔وہ یہاں پرائس کنٹرول کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناظر میں اشیائے ضروریہ اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کیلئے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

متعلقہ سیکرٹریوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو سہولتیں اور ریلیف کی فراہمی کے لئے ہر ضروری قدم اٹھایاجائے ۔عوام کو ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر کسی صورت نہیں چھوڑا جاسکتا۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے حوالے سے فےئر فارمولہ بنایا جائے ۔انہوں نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ ،پھلوں ، سبزیوں اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی لانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

اس مقصد کیلئے ماہرین کی مشاورت سے حقیقت پسندانہ فارمولہ فوری طورپروضع کیا جائے ۔وضع کردہ فارمولہ اورایکشن پلان پر پوری طرح عملدر آمد یقینی بنایاجائے۔انہوں نے کہا کہ ایکشن پلان پر عملد رآمد کی مانیٹرنگ کی جائے اورمانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیا جائے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پٹرول پمپوں پر مقررہ نرخوں پر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔

کسی بھی پٹرول پمپ پر پٹرول یاڈیزل کی عدم دستیابی کی شکایت پیدا نہیں ہونی چاہیے۔صوبائی وزراء چوہدری محمد شفیق،بلال یاسین،راجہ اشفاق سرور،ڈاکٹرفرخ جاوید،مشیر خواجہ احمد حسان،سپیشل اسسٹنٹ ارشد جٹ،اراکین صوبائی اسمبلی،چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،انسپکٹرجنرل پولیس،سیکرٹریزاور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔