مولانا فضل الرحمن دھرنے والی خواتین بارے بیان بازی سے باز آجائیں ورنہ ملک بھر کی خواتین ان کا جلوس نکال دیں گی، شیریں مزاری،حکومت مذاکرات کے نام پر ڈرامے بازی کررہی ہے،ہم خواتین کو بااختیار اور حقوق عین اسلام کے مطابق دینے پر یقین رکھتے ہیں،پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 3 نومبر 2014 10:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3نومبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری نے مولانا فضل الرحمن کے خواتین کے بارے میں دئیے گئے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا دھرنے والی خواتین کے بارے میں بیان بازی سے باز آجائیں ورنہ ملک بھر کی خواتین ان کا جلوس نکال دیں گی‘ مسلم لیگ(ن) کی حکومت مذاکرات کے نام پر ڈرامے بازی کررہی ہے‘ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کی وزارت ہاتھوں سے نکل رہی ہے اسلئے وہ عجیب و غریب بیان دے رہے ہیں‘ 25 نومبر کو پی ٹی آئی ویمن جسٹس ڈے آزادی کنٹینر پر منائے گی۔

اتوار کو مرکزی سیکرٹریٹ میں رکن قومی اسمبلی منیزہ حسن اور نفیسہ عنایت اللہ خٹک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا کہ کافی عرصے سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن پاکستان تحریک انصاف کی خواتین کے بارے میں تضحیک آمیز بیانات دے رہے ہیں اور مسلسل کردار کشی کررہے ہیں جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

مولانا خواتین کیخلاف بیان بازی بند کریں ورنہ ملک بھر کی خواتین ان کیخلاف اٹھ کھڑی ہوں گی جس کا سامنا مولانا نہیں کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ پارلیمنٹ میں موجود مختلف سیاسی جماعتوں کی اس حوالے سے لب کشائی نہ کرنا قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خواتین کو بااختیار اور حقوق عین اسلام کے مطابق دینے پر یقین رکھتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں شیریں مزاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوچکی ہے اور ڈاکٹر طاہرالقادری کا اپنا ایجنڈا ہے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید مذاکرات کے حوالے سے ڈرامے بازی کررہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں دھرنے کے دباؤ کی وجہ سے کم کیں۔

انہوں نے کہاکہ 30 نومبر کا جلسہ بہت بڑا ہوگا جس سے حکمرانوں کی نیندیں اڑ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 25 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف جسٹس ویمن ڈے آزادی کنٹینر پر منائے گی۔ خواتین ونگ کی صدر منیزہ حسن نے کہا کہ قوم کو ملا ازم منظور نہیں ہے۔ پاکستان کی جدوجہد میں خواتین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا جس کی مثال قائداعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی خواتین کو اس حوالے سے آواز اٹھانی چاہئے تھی۔