وزارت داخلہ کا 9 اور10 محرم کو موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ، محرم الحرام میں سکیورٹی خدشات سے متعلق ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا

اتوار 2 نومبر 2014 11:10

اسلام آباد اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2نومبر۔2014ء) وزارت داخلہ نے 9 اور 10 محرم الحرام کو سکیورٹی خدشات کے باعث موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سندھ حکومت نے کراچی سمیت 5 اضلاع میں 8 سے 10 محرم تک موبائل سروس معطل رکھنے کی درخواست کی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے محرم الحرام میں سکیورٹی خدشات سے متعلق ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے جس کے باعث ملک بھر میں 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران موبائل فون سروس کو بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کو جس صوبائی حکومت کی جانب سے درخواست موصول ہوگی وہاں اور حساس علاقوں میں محدود وقت کے لیے سروس بند کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں محرم کے دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے 32 ہزار 695 اہلکار تعینات کیے جائیں گے جن میں پاک فوج رینجرز، فرنٹیئر کانسٹیبلری اور ایف سی کے ٹروپس شامل ہوں گے جو ملک کے 54 مختلف اضلاع میں فرائض انجام دیں گے جبکہ اس دوران وزارت داخلہ کے 12 ہیلی کاپٹر بھی ہائی الرٹ رکھے جائیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ پر صوبائی حکومت کو فوری طور پر تعاون فراہم کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ پیرا ملٹری فورسز کو 12 محرم تک انسداد دہشت گردی ایکٹ کیتحت خصوصی اختیارات بھی سونپ دیئے گئے ہیں جس کے تحت دہشت گردوں کی کارروائی روکنے کے لیے فوری طور پر موثر اقدامات کیے جاسکیں گے۔دوسری جانب کراچی پولیس کی سفارش کے بعد سندھ حکومت نے وفاق سے 8 سے 10 محرم تک موبائل فون سروس معطل رکھنے کی درخواست کردی ہے۔ محکمہ داخلہ کے مطابق کراچی، حیدرآباد، خیرپور، سکھر اور لاڑکانہ میں سکیورٹی خدشات کے باعث موبائل فون سروس بند رکھنے کی درخواست کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے یوم عاشور کے موقع پر پشاور،ہنگو، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کو انتہائی حساس قرار دیا ہے جبکہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر حساس علاقوں میں 9 اور 10 محرم کو موبائل فون سروس معطل رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے