تحریک انصاف کی قیادت سے رابطہ ہے،جلد دھرنے ختم کرنے پر آمادہ کر لیا جائیگا، گورنر پنجاب کا انکشاف،سیاسی جماعتوں میں مذاکرات جمہوریت کا حسن ،جمہوری حکومت ہی جمہوری راستے اختیار کرتی ہے، چیچہ وطنی میں صافیوں سے گفتگو

اتوار 2 نومبر 2014 11:05

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2نومبر۔2014ء)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے انکشاف کیا ہے کہ تحریک انصاف پاکستان کی قیادت سے رابطہ ہے اور تحریک انصاف کو دھرنے ختم کرنے پر آمادہ کر لیا جائے ۔انہوں نے رائے علی نواز ہسپتال کے معائنہ کے بعد چیچہ وطنی میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں مذاکرات جمہوریت کا حسن ہے اور جمہوری حکومت ہی جمہوری راستے اختیار کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں لارہی ہے اور صحت کے شعبہ کو سرکاری ہسپتالوں میں سہولتوں کی فراہمی کے لئے نہ صرف فنڈز میں اضافہ کر دیا گیا ہے بلکہ عام آدمی کو سرکاری ہسپتال کی ایمر جنسی میں جدید سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنادیا گیا ہے اور صحت کے شعبہ میں مزید اصلاحات کی جارہی ہیں ۔انہوں نے رائے علی نواز فاؤنڈیشن کے ہسپتال کی کارکردگی کو سراہا۔اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر ایثار نے ہسپتال میں جدید سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی اور گورنر نے ہسپتال کی مدد جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔