ن لیگ میں اختلافات کی خبریں بے بنیاد،کوئی فارورڈ بلاک نہیں بنے گا،مشاہد اللہ، چھوٹی موٹی نارضگیوں یا ذاتی آراء کو پارٹی اختلافات کا رنگ دینا مناسب نہیں،دھرنوں کے نتائج سے مایوس بعض عناصر مسلم لیگ (ن) میں اختلافات کا پروپیگنڈا کر رہے ہیں ، پارٹی کے اندر رہتے ہوئے کسی فیصلے سے اختلاف ہونا بغاوت نہیں ہوتا بلکہ اختلاف ِ رائے ہی سے بہتر اور حتمی فیصلوں تک پہنچا جاتا ہے ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ن

ہفتہ 1 نومبر 2014 07:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1نومبر۔2014ء )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہداللہ خان نے مسلم لیگ (نواز) کے اندراختلافات اور کسی بھی قسم کے فارورڈ بلاک کے قیام کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹی موٹی ناراضگیوں یا ذاتی آراء کو پارٹی اختلافات کا رنگ دینا مناسب نہیں ہے مسلم لیگ (نواز) میں نہ تو کوئی فارورڈ بلاک بنے گا نہ ہی کوئی پارٹی چھوڑ کر جائے گا ۔

جمعہ کے روز یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے اندر اختلافات کی خبریں بے بنیاد اور غلط فہمی پر مبنی ہیں، دھرنوں کے نتائج سے مایوس بعض عناصر مسلم لیگ (ن) میں اختلافات کا پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چھوٹی موٹی ناراضگیوں یا ذاتی آراء کو پارٹی اختلافات کا رنگ دینا مناسب نہیں ۔

مسلم لیگ (نواز) کے مرکزی راہنماء نے واضح کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (نواز) میں نہ تو کوئی فارورڈ بلاک بنے گا اور نہ ہی کوئی پارٹی کو چھوڑ کر جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ایک کارکن سے لے کر سینئر رہنماوٴں اور پارلیمان کے ارکان تک سب پارٹی کے قائد اور وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔ مشاہد اللہ خان نے کہا کہ افواہ سازوں کو ہمیشہ کی طرح اس بار بھی شرمندگی کا سامنا کرنا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر رہتے ہوئے کسی فیصلے سے اختلاف ہونا بغاوت نہیں ہوتا بلکہ اختلاف ِ رائے ہی سے بہتر اور حتمی فیصلوں تک پہنچا جاتا ہے ۔ مشاہداللہ خان نے کہا تمام معاملات باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے طے کئے جاتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ اگر جماعت کا کوئی رکن خیر خواہی کی بنیاد پر نیک نیتی کے ساتھ اختلاف رکھتا ہے ا سے بھی دور کر لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :