دھرنوں اور احتجاجی سیاست کے باعث پاکستان کی ترقی کے اہم منصوبے کھٹائی میں پڑ گئے ، عابد شیر علی ،ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے کی ناپاک سازش بے نقاب ہوچکی ہے ،توانائی بحران پر جلد قابو پالیں گے،صحافیوں سے بات چیت

جمعہ 31 اکتوبر 2014 09:04

راولپنڈی،اسلام آباد،تربیلا (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31اکتوبر۔2014ء) پانی و بجلی کے وفاقی وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ دھرنوں اور احتجاجی سیاست کے باعث پاکستان کی ترقی کے اہم منصوبے کھٹائی میں پڑ گئے ،ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے کی ناپاک سازش بے نقاب ہوچکی ہے ،توانائی بحران پر جلد قابو پالیں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز رکن قومی اسمبلی کیپٹن(ر) صفدر اور چوہدری مشاہد رضاکے ہمراہ تربیلہ ڈیم کے دورہ کے موقع پر دی گئی بریفنگ کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر جنرل منیجر (واپڈا)وتربیلا ڈیم پراجیکٹ منیجر اقبال مسعود صدیقی،چیف انجینئر شیر افضل خان اور پبلک ریلیشن آفیسرجاوید اقبال سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے،چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے تربیلہ ڈیم توسیعی منصوبوں فیز(ٹی)4 اورفیز(ٹی)5 کے پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ2017 تک ایک ہی دن دونوں منصوبوں کا سوئچ آن کیا جائے اور مذید2800 سومیگا واٹ بجلی حاصل کرکے توانائی بحران پر قابو پایا جاسکے اور قوم کو سستی بجلی مہیا کی جاسکے،ٹی 4 منصوبے کی تکمیل سے 300 ارب روپے کا فائدہ ہوگا،انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت کی پالیسی کی وجہ سے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تکمیل میں دو سال تاخیر کی وجہ سے ملک کو 20 ارب روپے کا نقصان ہوا اور 56 ارب روپے مقدمات کے باعث پھنسے ہوئے ہیں اگر وزارت کو یہ فنڈز بھی مل گئے تو بجلی بحران کے مکمل خاتمے میں مدد مل سکتی ہے،

انہوں نے کہا کہ حکومت نے دیامر بھاشا ڈیم اور واسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ جیسے سستے توانائی کے منصوبوں پر عملدرآمد شروع کررکھا ہے جن کی تکمیل سے عوام کو بجلی کی قیمتوں میں کمی ہوگی اور عوام کو ریلیف ملے گا، ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور چین کی دشمن قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں،لندن ملین مارچ کو سپوتاز کرنے کی سازش کرنے والوں کی کشمیر دشمنی بھی بے نقاب ہوگئی،میاں نواز شریف نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرکے مظلوم کشمیری عوام کی امنگوؤں کی ترجمانی کی اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کشمیرکے حق میں قرارداد منظور کرائی، قوم ہمارے ساتھ ہے،ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال بناکر دم لیں گے،توانائی بحران پر جلد قابو پالیں گے۔

چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ حکومتی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والے ملکی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں، دھرنے کی سیاست کرنیوالوں کے مذموم عزائم قوم کے سامنے آچکے، دھرنے دینے والوں کے باعث ہمسایہ اور دوست ملک کے صدر کا اہم دورہ ملتوی ہوا-چینی صدر کے دورے کے دوران نہ صرف اربوں ڈالر کے سرمایہ کاری کے منصوبوں اور بجلی کے پراجیکٹس کے معاہدے ہونے تھے بلکہ متعدد منصوبو ں کا سنگ بنیاد بھی رکھا جانا تھا-دھرنوں اور احتجاجی سیاست کے باعث پاکستان کی ترقی کے یہ اہم منصوبے کھٹائی میں پڑ گئے ہیں -دھرنے دینے والوں نے سازش کے تحت ملک وقوم سے دشمنی کی،ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے کی ناپاک سازش بے نقاب ہوچکی ہے- 12 اکتوبر 1999 کو بھی ایک گھناؤنی سازش تیار کی گئی اور دو تہائی اکثریت رکھنے والی عوام کی منتخب کردہ حکومت کو گھر بھیج کر نام نہاد ریفرنڈم کرایا گیا ،30 اپریل 2002 کے ریفرنڈم میں آمر مشرف کی حمائیت اور سپورٹ کرکے عمران خان نے آمرمشرف ریفرنڈم کے نتائج تسلیم کیئے لیکن 2013 کے الیکشن کے 15 ماہ بعد انہیں دھاندلی نظر آگئی، ان غیر جمہوری اقدامات کے نتائج آج بھی قوم بھگت رہی ہے،اگرنواز شریف کی حکومت ختم نہ ہوتی تو آج پاکستان کا شمار ترقی یافتہ ممالک میں ہوتا، دھرنوں کے باعث ملک وقوم کو پہنچنے والے نقصان کا دلجمعی، محنت،دیانت، عزم اور ہمت سے کام کر کے ازالہ کریں گے-انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاگل پن دکھانے کی بات کرکے قوم کا شک دور کردیا ہے،کوئی بھی ذہنی مریض غیر مستقل مزاج شخص ہوتا ہے جو صرف خود کو ہی نجات دہندہ سمجھتا ہے؟۔

قوم روز روز کے جارحانہ رویے اور پاگل پن سے تنگ آچکی ہے ،حصول اقتدار کی خاطر ملک میں انتشار اور یلغار کی سیاست کو فروغ دیا گیا اور قوم کو یرغمال بنانے کی کوشش کی گئی لیکن قو م نے ملکی معیشیت کو دیمک کی طرح چاٹنے اور متعددسیاسی بیماریوں کا موجب بننے والوں کو مسترد کرکے ثابت کردیا کہ دنیا کی واحد اسلامی ایٹمی طاقت پاکستان کو مصر یا لیبیا نہیں بنایا جاسکتا،قوم ہمارے ساتھ ہے ،وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک کو اندھیروں سے نکال کر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامز ن کریں گے۔

متعلقہ عنوان :