چیف الیکشن کمشنر کا فیصلہ 16 نومبر سے پہلے ہوجائے گا، سید خورشید شاہ ،حکومت کے مشورے پر ہی سپریم کورٹ میں اس حوالے سے درخواست دائر کی تھی حکومت نے ساتھ نہیں دیا‘ تحریک انصاف پارلیمنٹ میں آگئی تو اس سے بھی مشورہ کریں گے‘ حکومت فوری تین نام بھجوائے۔ میڈیا سے بات چیت

جمعہ 31 اکتوبر 2014 08:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31اکتوبر۔2014ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کا فیصلہ 16 نومبر سے پہلے ہوجائے گا‘ حکومت کے مشورے پر ہی سپریم کورٹ میں اس حوالے سے درخواست دائر کی تھی مگر حکومت نے ساتھ نہیں دیا‘ تحریک انصاف پارلیمنٹ میں آگئی تو اس سے بھی مشورہ کریں گے‘ حکومت فوری تین نام بھجوائے۔

جمعرات کو یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے حوالے سے کوئی بحران نہیں ہم نے حکومت سے مشاورت کرکے درخواست دائر کی ۔

(جاری ہے)

حکومت نے سپریم کورٹ میں ساتھ دینے کا وعدہ کیا تھا مگر ساتھ نہیں دیا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ چیف الیکشن کمشنر کے بارے میں فیصلہ سولہ نومبر سے قبل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وزیراعظم پہلے تین نام بھجوائیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا موقف واضح ہے کہ ہم غیر آئینی اور غیر قانونی تبدیلی کا ساتھ نہیں دیں گے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی ایوان میں آگئی تو اس سے بھی نئے چیف الیکشن کمشنر کے نام پر صلاح مشورہ کریں گے اور ایم کیو ایم سے بھی مشاورت کی جائے گی۔