فرسودہ نظام برقرار رہا تو کوئی سرمایہ کاری کیلئے پاکستان نہیں آئے گا۔ڈاکٹر طاہر القادری، قائد عوامی تحریک7نومبر کو نیویارک،8نومبرکو ڈلاس اور 9نومبر کو ہوسٹن میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کریں گے ، عالمی طاقتوں کی پاکستان میں مداخلت تلخ حقیقت،وجہ کرپٹ اور نا اہل حکمران ہیں،کینیڈا میں وفود سے بات چیت

جمعہ 31 اکتوبر 2014 08:46

اوٹاوا،لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31اکتوبر۔2014ء)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کینیڈا میں مقیم مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہریوں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی طاقتوں کی پاکستان میں مداخلت ایک تلخ حقیقت ہے اس کی وجہ بد عنوان اور نا اہل حکمران ہیں ۔بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی ہدایات بھی بیرون ملک سے آتی ہیں۔

ہم وسائل اور اختیار میں ہر پاکستانی کو براہ راست حصہ دار بنائیں گے اور اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ ہر سطح پر نا انصافی کا خاتمہ کریں گے ۔دھرنے سے اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے سیاسی شعور میں اضافہ ہوا۔پہلی بار دھرنے کے دباؤ کے نتیجے میں عوام کو ریلیف دینے کی باتیں ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

یہ فرسودہ نظام برقرار رہا تو کوئی سرمایہ کاری کیلئے پاکستان نہیں آئے گا ہماری انقلابی جدوجہد اسی استحصالی نظام کے خاتمہ کیلئے ہے۔

دھرنے سے ن لیگ کے اراکین اسمبلی کو بھی زبان مل گئی وہ بھی گو نواز گو بلاک تشکیل دے رہے ہیں ۔پاکستان کے عوام اب حکمرانوں کی لاقانونیت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں ۔حقوق کیلئے پر امن اور موثر احتجاج کی روایت ہم نے ڈالی اسے منطقی انجام تک بھی ہم ہی پہنچائیں گے۔

انہوں نے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوش آئیند ہے کہ بیرون ملک مقیم محب وطن پاکستانیوں نے کرپٹ اور ظالمانہ نظام کو جڑ سے اکھاڑنے کا تہیہ کر لیا ہے ۔

انقلابی جدوجہد میں بیرون ملک مقیم پاکستانی دانشور،سائنسدان،انجنیئرز،ڈاکٹرز،پروفیسرز اور سول سوسائٹی کے با اثرافراد اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔وفود نے ڈاکٹر طاہر القادری کی سیاسی جدوجہد پر انہیں زبر دست خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جدوجہد کے نتیجے میں بہتری کی امید پیدا ہو گئی ہے ۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے شیڈول کے مطابق ڈاکٹرمحمد طاہر القادری 7نومبر کو نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کریں گے ،8نومبر کو ڈلاس میں بزنس اور پروفیشنل کمیونٹی سے خطاب کریں گے جبکہ 9نومبر کو ہیوسٹن میں ایک بہت بڑا کنونشن منعقد ہو گاجس میں امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی،تاجر،صنعتکار،انجینئرز،ڈاکٹرز،سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے سر کردہ افراد شریک ہوں گے ۔

ڈاکٹر طاہر القادری اپنے دورہ امریکہ کے دوران پاکستان عوامی تحریک کی اوورسیز تنظیموں کی تشکیل و بحالی،پاکستان کی سیاست میں عوامی تحریک کے فعال کردار،10نکاتی عوام دوست انقلابی اصلاحاتی ایجنڈا کے حوالے سے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کو تفصیل سے آگاہ کریں گے ۔