سمندری طوفان بھارت کیلئے خطرہ ، ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل،طوفان ہفتے کی دوپہر گجرات سے ٹکرائے گا ‘220 کلومیٹر کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا ،امکان،سمندری طوفان نیلوفر کی شدت میں کمی سے پاکستان کے ساحل سے ٹکرا نے کے خطرا ت ٹل گئے

جمعہ 31 اکتوبر 2014 08:44

گجرات‘کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31اکتوبر۔2014ء) بحر الکاہل میں بننے والا سمندری طوفان ”نیلوفر “ بھارتی ریاست گجرات کے لیے بھی خطرہ ہے ، حکام نے ہزاروں افراد کو حفاظتی مقام پر منتقل کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان نیلوفر ہفتے کی دوپہر گجرات سے ٹکرائے گا جس کی وجہ سے علاقے میں 220 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

ضلع کچ میں نیلوفر سے لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے ، تیس ہزار لوگوں کو ساحلی علاقے سے دور منتقل کیا گیا ہے ، ”نیلوفر“ رواں ماہ بھارت سے ٹکرانے والا دوسرا طوفان ہے۔ اس سے پہلے آندھرا پردیش میں ”ہْد ہْد“ سے بیس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔علا وہ ازیں چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں تیز ہواوٴں کے باعث بننے والے سمندری طوفان نیلوفر کی شدت میں کمی واقع ہونا شروع ہوگئی جس کے بعد وہ پاکستان کے ساحل سے نہیں ٹکرائے گا۔

(جاری ہے)

توصیف عالم کا کہنا تھا کہ سمندری طوفان ساحلی علاقوں کے قریب سے گزر جائے گا تاہم طوفان کراچی سے جنوب مغرب میں 650 کلو میٹر دوری پر ہے اور پاکستان اور بھارت کی سمندری حدود کا رخ کر رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری طوفان نیلوفر کے پیش نظر کراچی میں 20 سے 30 ملی میٹر بارش کا امکان ہے جبکہ ٹھٹھہ، سجاول، بدین سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر بھی بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب کراچی انتظامیہ نے ساحل سمندر پر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کردی جس کے باوجود موسم میں خنکی کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد ساحل سمندر پہنچ گئی جبکہ وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کراچی جنوبی، شرقی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول اور تھرپارکر میں آ ج جمعہ کو تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :