وزیراعظم اورایم کیو ایم وفد کے درمیان نئے صوبوں سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، ترجمان وزیراعظم ہاوٴس، ایم کیو ایم کے ایجنڈے میں صرف چار نکات تھے وفد نے صوبوں کے حوالے سے کسی بھی قسم کی سیاسی گفتگو نہیں کی،پرویز رشید

جمعرات 30 اکتوبر 2014 07:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اکتوبر۔2014ء)ترجمان وزیر اعظم ہاوٴس نے واضح کیا ہے کہ وزیر اعظم کی ایم کیو ایم کے وفد سے نئے صوبوں کے بارے میں کوئی بات نہیں ہوئی۔نجی ٹی وی کے مطابق ایم کیو ایم کے چار رکنی وفد نے گزشتہ روز خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی تھی جبکہ اس ملاقات کے بعد میڈیا کے بعض حلقوں میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ ایم کیو ایم نے سندھ میں مہاجر صوبہ بنانے کے لیے وزیر اعظم سے حمایت مانگی ہے تاہم اس حوالے سے وزیر اعظم ہاوٴس کے ترجمان نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم وفد اور وزیراعظم کے درمیان صوبوں کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے ایجنڈے میں صرف چار نکات تھے اور وفد نے صوبوں کے حوالے سے یا کسی بھی قسم کی سیاسی گفتگو نہیں کی جبکہ وفد نے کراچی میں پانی کے مسئلے، لیاری ایکسپریس وے ، سرکلر ریلوے منصوبے میں تاخیر پر بات چیت کی جبکہ ہمارا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ صوبوں کا معاملہ پیچیدہ معاملہ ہے اس لئے اس پر ایک کمیشن ہونا چاہیئے جو تمام اسٹیک ہولڈرز کی بات سنے اور اس پر فیصلہ کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متحدہ کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات میں نئے صوبو ں سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی اس حوالے سے میڈیا حلقوں میں آنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔