بیرو ن ملک بسنے والے پاکستانی وطن عزیز کے عظیم سفیر ہیں وہ ملک کی معیشت مضبوط بنانے میں بھر پور کردارادا کررہے ہیں،شہباز شریف ، مسلم لیگ(ن) کی حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اوران کے ملک کی تعمیر و ترقی میں لائق تحسین کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے پنجاب حکومت نے صوبے میں مکمل طورپر بااختیار کمیشن بنانے کیلئے قانون سازی کرلی ہے،پاکستان کو بے شمار چیلنجز اورمسائل کا سامنا ہے، نوازشریف کی قیادت میں ملک کو مسائل سے نکالیں گے،وہ وقت دور نہیں جب ملک سے اندھیرے دور ہوں گے،پاکستان ایک عظیم معاشی قوت بن کر ابھرے گا،دیارغیر میں بسنے والے پاکستانی اپنے وطن میں کھلے دل سے سرمایہ کاری کریں، انہیں ہر ممکن سہولتیں دیں گے،وزیراعلیٰ پنجاب کا لندن میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے استقبالیہ تقریب سے خطاب

جمعرات 30 اکتوبر 2014 06:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اکتوبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ بیرو ن ملک بسنے والے پاکستانی وطن عزیز کے عظیم سفیر ہیں۔ دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم پاکستانی چاہے انجینئرز ہوں یا ڈاکٹرز،بینکرز ہوں یا سرمایہ کاروہ ان ممالک کی ترقی کے ساتھ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کررہے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اوران کے ملک کی تعمیر و ترقی میں لائق تحسین کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کا حل ریاست کی ذمہ داری ہے اوراسی مقصد کے تحت پنجاب حکومت نے صوبے میں مکمل طور پر بااختیار کمیشن بنانے کیلئے قانون سازی کرلی ہے ۔یہ کمیشن اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل اورشکایات کے فوری ازالے کیلئے جدید خطوط پر کام کرے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے یہاں لندن میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بے شمار چیلنجز اور مسائل کا سامنا ہے۔توانائی بحران اورانتہا ء پسندی نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔

دھرنوں اوراحتجاج کی سیاست نے بھی ملک و قوم کا بے پناہ نقصان کیا ہے ۔بے وقت کے دھرنوں سے ملک کی ترقی کے سفر میں رخنہ پڑا ہے،تاہم پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے پر عزم ہے ۔ہمارا ہر قدم ملک و قوم کی فلاح اورترقی کیلئے اٹھ رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم ،عوام کے تعاون اورشبانہ روز محنت سے ملک کو درپیش چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹیں گے۔

ملک کو دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ جیسے مسائل سے نجات دلانے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔دھرنوں اوراحتجاجی سیاست سے پہنچنے والے نقصان کا بھی محنت اورلگن سے کام کر کے ازالہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستا ن میں سرمایہ کاری کیلئے انتہائی ساز گار ماحول پید ا کیا گیا ہے اور سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولتیں دی جارہی ہیں ۔دیارغیر میں بسنے والے پاکستانی اپنے وطن میں کھلے دل سے سرمایہ کاری کریں، انہیں ہر ممکن سہولتیں دیں گے اوران کے سرمائے کو بھی مکمل تحفظ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کررکھا ہے اور اسی مقصد کے تحت صوبائی سطح پر کمیشن بنایا جارہا ہے تاکہ بیرون ملک محنت کرنے والے پاکستان کے ان عظیم سفیروں کو پنجاب میں اپنے مسائل کے حل کے لئے دفاتر کے دھکے نہ کھانے پڑیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں حکومت ملک کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے سنجیدگی سے کام کررہی ہے اور حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔وہ وقت دور نہیں جب ملک سے اندھیرے دور ہوں گے۔پاکستان ایک عظیم معاشی قوت بن کر ابھرے گااورایک بار پھر سبز ہلالی پرچم کودنیا بھر میں قدر و منزلت حاصل ہوں گی۔