مڈٹرم الیکشن کا کوئی امکان نہیں، وزیر اعظم کی صوابدید پر ہے وہ مڈٹرم الیکشن کرائیں یا نہ کرائیں،خواجہ آصف ،دھرنوں سے معاشی ترقی کا سفر رک گیا تھا اب دوبارہ حالات معمول کی طرف آرہے ہیں ‘2018 ء میں دوبارہ عوام کی عدالت میں جائینگے،پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

بدھ 29 اکتوبر 2014 08:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29اکتوبر۔2014ء)وفاقی وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مڈٹرم الیکشن کا کوئی امکان نہیں، وزیر اعظم نواز شریف کی صوابدید پر ہے وہ مڈٹرم الیکشن کرائیں یا نہ کرائیں۔دھرنوں سے معاشی ترقی کا سفر رک گیا تھا اب دوبارہ سے حالات معمول کی طرف آرہے ہیں۔2018 ء میں دوبارہ عوام کی عدالت میں جائیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ آئین نے وزیر اعظم پاکستان کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ مڈٹرم الیکشن کروائیں تاہم ملک کے اندر حالات معمول پر ہیں اور عوام نے دھرنوں کی سیاست کو ناکام بنا دیا ہے اس کی وجہ سے مڈٹرم الیکشن کا کوئی امکان نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ معاشی سفر ہم نے شروع کیا تھا اس کو نقصان پہنچانے کے لئے دھرنے دیئے گئے اورعوام نے اس سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2018 ء میں دوبارہ عوام کی عدالت میں حاضر ہوں گے۔