سمندری طوفان ”نیلوفر“ سے بچاؤ کیلئے انتظامات مکمل کرلئے ہیں‘ مانیٹرنگ سسٹم سخت کردیا ہے‘ قومی اسمبلی میں حکومت کی یقین دہانی ، سمندر میں شکار کیلئے جانے والے مچھیروں کو بھی واپس بلانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں‘ این ڈی ایم اے اور پی ایم ڈی اے کے سربراہان مکمل رابطے میں ہیں‘ ریاض حسین پیرزادہ ، صوبائی حکومت کے وسائل انتہائی کم ہیں اس سلسلے میں وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کی ضرورت ہے،ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

بدھ 29 اکتوبر 2014 08:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29اکتوبر۔2014ء) قومی اسمبلی میں حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سمندری طوفان ”نیلوفر“ سے بچاؤ کیلئے انتظامات مکمل کرلئے ہیں‘ مانیٹرنگ سسٹم سخت کردیا ہے‘ وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ سمندر میں شکار کیلئے جانے والے مچھیروں کو بھی واپس بلانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں‘ این ڈی ایم اے اور پی ایم ڈی اے کے سربراہان مکمل رابطے میں ہیں‘ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ صوبائی حکومت کے وسائل انتہائی کم ہیں اس سلسلے میں وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کی ضرورت ہے۔

منگل کے روز سابق سپیکر قومی اسمبلی و پیپلزپارٹی کی سینئر رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے نکتہ اعتراض پر ایوان کی توجہ سمندری طوفان ”نیلوفر“ کی جانب مبذول کروائی جس پر وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ سید ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ اس معاملے پر حکومت اقدامات کررہی ہے اور جس حد تک ممکن ہوسکا وفاقی حکومت اپنا کردار ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کا جیسے ہی وزیراعظم کو علم ہوا تو انہوں نے بھی واضح احکامات جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معزز رکن کی توجہ کے بعد چیئرمین این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کے سربراہان سے رابطے کئے ہیں جنہوں نے بتایا ہے کہ ہر منٹ کی مانیٹرنگ کررہے ہیں اور اس سلسلے میں تمام اداروں سے رابطے میں بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے اضلاع بدین اور ٹھٹھہ اس طوفان سے متاثر ہوسکتے ہیں جبکہ بلووچستان کے چند علاقوں کو بھی طوفان متاثر کرسکتا ہے اسلئے میری ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے استدعاء ہے کہ وہ اپنے صوبائی اراکین اسمبلی سے بھی کہیں کہ اس سلسلے میں حفاظتی انتظامات کیلئے عوام میں آگاہی پیدا کریں کیونکہ بعض اوقات لوگ سرکاری اہلکاروں کی باتیں نہیں مانتے البتہ نمائندوں کی باتوں پر ضرور کان دھرتے ہیں جس پر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ اس سلسلے میں جو بطور عوامی نمائندہ ہوسکا ضرور کریں گے اور وفاقی حکومت کے بھی شکرگزار ہیں لیکن صوبائی حکومت کے پاس وسائل کم ہوتے ہیں اس سلسلے میں وفاقی حکومت کو ذاتی دلچسپی کامظاہرہ کرنا چاہئے۔

اس موقع پر ریاض پیرزادہ نے کہا کہ سمندر میں شکار کیلئے جانے والے مچھیروں کو بھی واپس بلالیا گیا ہے جبکہ کشتیوں کو لنگرانداز کردیا گیا ہے اور اس سلسلے میں جس حد تک ممکن ہوسکا حفاظتی انتظامات کررہے ہیں۔