تحریک انصاف دھاندلی کے خلاف ہر جمعرات کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہر ہ کرے گی ،عمران خان، دھاندلی کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے ڈیڑھ سال گزر گیا لیکن انصاف نہیں مل سکا، لوگوں نے بلڈپریشر کوکم کرنے کے لیے گونواز گو کے نعرے لگانا شروع کردئیے ہیں،وزیراعظم کے گھر کابجلی بل کروڑوں میں ہے لیکن بجلی کنکشن نہیں کٹا، پاکستان میں دیانت دار قیادت ہوتو کالاباغ ڈیم کا حل نکالا جا سکتا ہے، بلاول بھٹو پر پی ٹی آئی کے ورکرزنے حملہ نہیں کیا پاکستان میں جس کو کھانسی بھی آئے تو اس کا الزام پی ٹی آئی پر لگادیاجاتا ہے، مسلم لیگ ن کی قیاد ت 4 حلقوں میں ووٹوں کی تصدیق سے خوفزدہ ہے، دھرنے سے خطاب

بدھ 29 اکتوبر 2014 08:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29اکتوبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے تحریک انصاف انتخابات میں دھاندلی کے خلاف ہر جمعرات کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے احتجاجی مظاہر ہ کرے گی ، پی ٹی آئی کو دھاندلی کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے ڈیڑھ سال گزر گیا لیکن انصاف نہیں مل سکا، لوگوں نے بلڈپریشر کوکم کرنے کے لیے گونواز گو کے نعرے لگانا شروع کردئیے ہیں،وزیراعظم کے گھر کابجلی بل کروڑوں میں ہے لیکن بجلی کنکشن نہیں کٹا، پاکستان میں دیانت دار قیادت ہوتو کالاباغ ڈیم کا حل نکالا جا سکتا ہے،پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو پر پی ٹی آئی کے ورکرزنے حملہ نہیں کیا پاکستان میں جس کو کھانسی بھی آئے تو اس کا الزام پی ٹی آئی پر لگادیاجاتا ہے، مسلم لیگ نوا ز کی قیادت پی ٹی آئی کے مطالبے پر 4 حلقوں میں ووٹوں کی تصدیق سے خوفزدہ ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار عمران خان نے آزادی مارچ کے شرکاء سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا مسلم لیگ نواز کی حکومت دھاندلی کی بنیاد پر قائم ہوئی ہے جس کو پوری قوم نے تسلیم نہیں کیا۔ دھاندلی کی بنیاد پر پارلیمنٹ میں پہنچنے والے حکمرانوں کی حکومت زیادہ دیر قائم نہیں رہتی ۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی کے حکومت کو دھاندلی کی تحقیقات کے لیے چار حلقوں میں ووٹوں کی تصدیق کروانے کے لیے مطالبہ کیاتھا لیکن حکومت نے دھاندلی بے نقاب ہونے کے خوف سے چار حلقوں میں ووٹوں کی تصدیق نہیں کروائی جس کی وجہ سے پی ٹی آئی انصاف کی خاطر سڑکوں پر احتجاج کے لیے نکلی ۔

انہوں نے کہا ڈیڑھ سال کا عرصہ گزر گیا لیکن پی ٹی آئی کو چار حلقوں میں ووٹوں کی تصدیق میں انصاف نہیں مل سکا۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا پی ٹی آئی دھاندلی کے خلاف ہر ہفتے میں جمعرات کو الیکشن کمیشن آفس کے سامنے احتجاجی مظاہر ہ کرے گی۔ دھاندلی ذدہ حکومت کو بے نقاب کرنے کے لیے پی ٹی آئی خاموشی اختیار نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ نواز کی حکومت نے پاکستان عوام کو بھیڑبکریاں سمجھ رکھا ہے ۔

حکومت نے ڈیڑھ سال میں بجلی کے بلوں میں دوسے تین گنا اضافہ کردیا اور پاکستان میں یومیہ کڑوڑوں کی بجلی چور ی ہورہی ہے جس کو حکومت نے روکنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے ۔ انہوں نے کہا نواز حکومت سمجھ رہی تھی کہ کے پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت کو گرادیاجائے گالیکن ایسانہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہا بیروں ملک پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر پی ٹی آئی کے ورکروں نے حملہ نہیں کیا جس کو کھانسی بھی آئے وہ الزام پی ٹی آئی پر لگادیتا ہے۔ پی ٹی آئی محرم الحرام کے بعد حکومت کے خلاف اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔