جس طرح خورشید شاہ کے بیان کو مسئلہ بنایاگیا اس پر سب کو دکھ ہوا ، ایم کیو ایم معاملے کو آگے بڑھانے سے اجتناب کرے،اعتزاز احسن ،گجرات کے جلسے میں بازاری زبان استعمال کی گئی پیپلز پارٹی کو دیوار سے نہ لگایا جائے ۔پریس کانفرنس

منگل 28 اکتوبر 2014 08:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28اکتوبر۔2014ء) پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ جس طرح خورشید شاہ کے بیان کو مسئلہ بنایاگیا اس پر سب کو دکھ ہوا ، ایم کیو ایم معاملے کو آگے بڑھانے سے اجتناب کرے،گجرات کے جلسے میں بازاری زبان استعمال کی گئی پیپلز پارٹی کو دیوار سے نہ لگایا جائے ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الطاف حسین سے درخواست ہے کہ ایسا کام نہ کریں جس کی ذمہ داری بعد میں ان پر آئے ۔

(جاری ہے)

الطاف حسین سے توقع نہیں کہ مذہب کو اپنے مخصوص سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرائیں گے اگر آپ صوبہ بنانا چاہتے ہیں تو آپ صوبے کی بات کریں خورشید شاہ نے معافی مانگ لی ہے تو اس معاملہ کو بیچ میں نہ لائیں اس کو مذہبی انتہا پسندی کا رنگ دینا اور لوگوں کے جذبات کو ابھارنا درست نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سنگین معاملہ ہے اس پر لوگوں کی جانوں کا ضیاع ہوا ہے ۔ خورشید شاہ کے بیانات سے اختلاف ہوسکتا ہے لیکن اس قسم کے جذبات ابھارنا درست نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کے جلسے میں بازاری زبان استعمال کی گئی پیپلز پارٹی کو دیوار سے نہ لگایا جائے ہمارے کارکنان کے جذبات بھی ہیں ۔