ڈیل کا معاہدہ منظر عام پر لانے والوں والے کو 5کروڑ نقد انعام دوں گا۔ڈاکٹر طاہر القادری، حکمران اقتدار کی کرسی پر بیٹھ کر انصاف کو قتل کر رہے ہیں، ووٹ اور انقلابی طاقت سے ظلم کے خلاف لڑ کر ظالمانہ نظام کو بدلیں گے ،16 نومبر کو واپس آؤں گا،روانگی سے قبل پریس کانفرنس

منگل 28 اکتوبر 2014 08:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28اکتوبر۔2014ء)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ ڈیل کی افواہیں پھیلانے والے خدا کا خوف کریں،فریقین کی دستخط شدہ کاپی لانے والے کو 5کروڑ نقد انعام دوں گا۔میرا پلان لندن جانے کا تھا مجھے اطلاع ملی کہ میاں شہباز شریف بھی جا رہے ہیں تو میں نے اپنے سفر کا پلان بدل لیا تا کہ کوئی نیا لندن پلان جنم نہ لے،16نومبر کو وطن واپس آؤں گا ۔

وہ گذشتہ روز اپنی رہائش گاہ کے باہر ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی،بشارت جسپال،فیاض وڑائچ،راجہ زاہد،سہیل احمد رضا،نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ و دیگر بھی موجود تھے ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے اس موقع پر نور اللہ صدیقی کو اپنا میڈیا ایڈوائزر مقرر کرنے کاا علان کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 70دن کے انقلابی دھرنوں کا نتیجہ ہے کہ آج نا اہل حکمران اپنے ہی وزیروں کی کارکردگی اور ردوبدل کی باتیں کر رہے ہیں ۔

عوام وزیر اعظم کی کارکردگی جاننا چاہتے ہیں ۔نام نہاد وزیر اعظم کی کارکردگی اور انکی حکومت کی کارکردگی یہ ہے کہ اکتوبر کے مہینے میں بھی بجلی کا شارٹ فال جون جو لائی والا ہے ۔اکتوبر کے مہینے میں 5ہزار میگا واٹ کا شارٹ فال ایک نیا ریکارڈ ہے ۔محرم الحرام کے بعد لاء اینڈ آرڈر ،بیرونی قرضوں،مہنگائی اور بے روز گاری کے ساتھ ساتھ 8سو ارب کے گردشی قرضوں کے حقائق قوم کے سامنے لاؤں گا ۔

ان گردشی قرضوں میں سے 5سو ارب کی ادائیگی ہو چکی ہے جبکہ 3 سو ارب کی تیاریاں ہیں۔پاکستان عوامی تحریک اوورسیز کی تنظیم سازی کیلئے رات ساڑھے تین بجے نارتھ امریکہ کیلئے روانہ ہوں گا ۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اپنے دورے میں مختلف ممالک میں پاکستان عوامی تحریک کو منظم کروں گا ۔انہوں نے کہاکہ ووٹ اور انقلابی طاقت سے ظلم کے خلاف لڑ کر ظالمانہ نظام کو بدلیں گے ۔

کرپٹ سیاست اور سیاست دانوں سے قوم کو نجات دلائیں گے ۔فیصل آباد،لاہور،ایبٹ آباد اور ہری پور ہزارہ کے تاریخی جلسوں سے حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں ۔شہداء ماڈل ٹاؤن کا قصاص لیں گے اور قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے ۔انہوں نے کہاکہ لندن میں برطانوی وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے باہر کشمیر کی آزادی کے حق میں ملین مارچ ہوا ۔

برطانیہ کی حکومت نے اس مارچ کو روکنے کیلئے نہ تو 40ہزار پولیس والے طلب کئے نہ آنسو گیس کے شیل برسائے اور نہ ہی کنٹینرز کا سہارا لیا،اسے جمہوریت اور جمہوری اقدار کہتے ہیں۔حکومتوں کے منافقانہ طرز عمل کے باعث کشمیر کاز کو زبردست نقصان پہنچا ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ بندوق کے زور پر حکومت یا ریاستی اداروں پر غلبہ کبھی بھی ہماری سیاست نہیں رہی ۔

تاریخی سیاسی جلسوں نے تمام منفی پراپیگنڈوں کو رد کر دیا ہے ۔محرم الحرام کے بعد ملکی سیاست ایک نیا منظر پیش کرے گی ۔پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف سیاسی فیصلے کرنے میں آزادہیں،دونوں جماعتوں میں خوشگوار تعلقات ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج تک نہ تو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے قاتلوں کی گرفتاری عمل میں آئی اور نہ ہی شفاف تحقیقات ہوئیں ۔

آج بھی وہی مطالبہ ہے کہ آزاد JIT بنا کر قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔آزاد JIT میں پنجاب پولیس کا کوئی افسر شامل نہ ہو۔جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور سیاسی جرگے کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔PAT کے کارکنوں کو لاہور ،بورے والا،لالیاں اور دیگر شہروں سے گرفتار کیا جا رہا ہے ۔پنجاب حکومت PATکے کارکنوں کی گرفتاریاں کر کے اگر کوئی نیا محاذ جنگ کھولنا چاہتی ہے تو ہم اس کیلئے بھی تیار ہیں ۔حکمران اقتدار کی کرسی پر بیٹھ کر انصاف کو قتل کر رہے ہیں۔دھرنے میں میری 60دنوں کی گفتگو نے حکمرانوں کی کرپشن کے پول کھول دئیے ہیں۔عوام میں انقلابی شعور بیدار ہو چکا ہے جس سے حکمران شدید بوکھلا چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :