دہشت گردی کیخلاف جنگ میں گزشتہ پانچ سا لوں میں 48ارب روپے کے اخراجات ہوئے، چوہدری نثار ،اسلام آباد کے23 ارب 80 کروڑ روپے سے زائد ، فاٹا کے 3 ارب روپے سے زائد اور خیبر پختونخوا کے8 ارب50 کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات شامل ہیں،پنجاب رینجرز نے 7 ارب روپے سے زیادہ اور بلوچستان نے ایک ارب 60 کروڑ روپے سے زائد رقسم خرچ کی،وزیرداخلہ کا قومی اسمبلی میں تحریری جواب

منگل 28 اکتوبر 2014 08:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28اکتوبر۔2014ء)وِفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے قومی اسمبلی کو پیر کے روز بتایا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اڑتالیس ارب روپے سے زائد خرچ ہوئے۔وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے تحریری جواب میں ایوان کو بتایا کہ ان میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے23 ارب 80 کروڑ روپے سے زائد ، فاٹا کے 3 ارب روپے سے زائد اور خیبر پختونخوا کے8 ارب50 کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات شامل ہیں۔

پنجاب رینجرز نے 7 ارب روپے سے زیادہ اور بلوچستان نے ایک ارب 60 کروڑ روپے سے زائد رقسم خرچ کی۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری برائے داخلہ ونارکوٹکس مریم اورنگزیب نے کہا کہ امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے دوہزار آٹھ سے دوہزار تیرہ کے دوران قومی اسمبلی نے پانچ قراردادیں منظور کیں۔

(جاری ہے)

اْنہوں نے کہ اکہ ان قراردادوں پر عمل کرتے ہوئے ملک میں امن و امان کی صورتحال کی نگرانی اور اس میں بہتری لانے کیلئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔

اْنہوں نے کہا کہ انگلیوں کے نشانات کی شناخت کے خود کار نظام کے ذریعے اب تک انیس لاکھ سے زائد مشتبہ افراد کے فنگر پرنٹس لئے گئے ہیں اور گزشتہ سال ستمبر تک بڑی تعداد میں غیر تصدیق شدہ سموں کو بند کیاگیا۔

اْنہوں نے کہا کہ مارچ دوہزار گیارہ سے ستمبر دوہزار چودہ کے دوران لاپتہ افراد کے نو سو دو مقدمات نمٹائے گئے۔ایک اور سوال پر اْنہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران بیرون ملک تئیس پاکستانی سفارتخانوں میں مشین سے پڑے جانے والے پاسپورٹ کا نظام شروع کیاگیاہے جبکہ بیرون ملک مزید چھپن سفارتخانوں میں بھی یہ نظام قائم کیاجائے گا۔

منصوبہ بندی اور ترقی کے پارلیمانی سیکرٹری سید محمد ثقلین نے کہاکہ بلوچستان میں چالیس ارب روپے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔وزارت خزانہ کے پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد افضل خان نے ایوان کو بتایا کہ مالی سال 2013-14کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے بھیجی گئی ترسیلات زر کی مجموعی رقم پندرہ ارب تراسی کروڑ ڈالر تھی۔ اْنہوں نے کہا کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے غیر قانونی ذرائع سے رقم بھجوانے کا عمل روکنے کے اقدامات کررہی ہے۔