کراچی، بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان شدید سمندری طوفان میں تبدیل ،بدھ سے جمعے کے درمیان کراچی سمیت زیریں سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں موسلادھاربارش کا امکان ،ساحل سمندرپردفعہ144نافذ

منگل 28 اکتوبر 2014 08:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28اکتوبر۔2014ء)بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا، بدھ سے جمعے کے درمیان کراچی سمیت زیریں سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں موسلادھاربارش کا امکان ہے،ساحل سمندرپردفعہ144نافذ کردی گئی ہے۔بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان نیلوفر میں مسلسل شدت آرہی ہے، یہ پاکستان میں شدیدبارشیں لانے کیساتھ سمندر کی لہروں میں طلاطم بھی لائیگا۔

محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ ماہی گیرسمندرکارخ نہ کریں۔بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان نیلوفر ابھی پاکستان کی حدود سے باہر ہے اور 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اومان کے ساحل کی طرف بڑھ رہاہے۔ نیلوفر کے پاکستان کی طرف سفر کے دوران سمندر کی سطح طلاطم خیز رہے گی، اس کی وجہ سے کراچی ، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، سجاول ، میرپورخاص اور جنوبی سندھ میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کابھی امکان ہے۔

(جاری ہے)

100 کلومیٹر کی رفتار سے تیزہوائیں بھی چلیں گی۔ ان بارشوں کے پیش نظروارننگ جاری کی گئی ہے کہ ماہی گیر سمندرمیں نہ جائیں اور جو گئے ہوئے ہیں وہ بدھ تک واپس آجائیں۔ ماہرین موسمیات کاکہنا کہ سمندری طوفان نیلوفر میں شدت آرہی ہے تاہم اس کے اثرات زیادہ خطرناک تونہیں لیکن ممکنہ بارشوں کے پیش نظرنقصانات سے بچاوکیلئے قبل ازوقت اقدامات اٹھاناضروری ہے۔

دوسری جانب کراچی میں سمندری طوفان کے پیش نظرساحل پر دفعہ 144نافذ کردی گئی ہے۔ کمشنر کراچی شعیب صدیقی کے مطابق سمندری طوفان کے باعث ساحل کو بند کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ساحل کوپیر کی رات سے بند کرنے کے احکامات ملے ہیں، شہریوں کے لیے ساحل 2روز کے لیے بند رہے گا۔پولیس نے سی ویو پر کھانے پینے کے تمام پوائنٹ بند کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔