دھرنے والوں کاملکی ترقی سے کھیلنا غیر مناسب غیر ملکی دوست نالاں ہیں،وزیراعظم نواز شر یف ،دھرنے والے انتشار پیدا کرنے کی کوشش چھوڑ کر ملک کو چلنے دیں، خدارا ملک کو دھرنوں اور منفی سیاست سے بچائیں،دھرنے والے دھرنا دیتے رہیں گے پاکستان ترقی کرتا چلا جائے گا‘ پاکستان میں ہرشعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، حکو مت کو دہشت گردی،توانائی کے لئے کام کرنے دیا جائے،غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں تمام سہولتیں فراہم کریں گے،حکومت نے ایسے اقدامات کئے ہیں جس کی بدولت زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور مقامی کرنسی مضبوط ہو ئی،وزیراعظم نواز شریف کا عا لمی سر ما یہ کا ری کا نفر نس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

منگل 28 اکتوبر 2014 08:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28اکتوبر۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہدھرنے والوں کا پاکستان کی ترقی سے کھیلنا غیر مناسب ہے ۔دھرنوں سے غیر ملکی دوست نالاں ہیں، دھرنے والے انتشار پیدا کرنے کی کوشش چھوڑ کر ملک کو چلنے دیں، پاکستان کے ہر شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں‘ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے طویل المیعاد اور موزوں ملک ہے‘ معاشی اہداف میں بہتری آئی ہے‘ 17 ماہ کے دوران 1700 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی‘ حکومتی پالیسیوں کے باعث کرنسی مضبوط ہوئی۔

اسلام آباد میں جاری دو روزہ عالمی سر ما یہ کا ری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر خوش آمدید کہتا ہوں‘ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولیات فراہم کررہا ہے‘ توقع ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق مزید کانفرنسیں ہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔

پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے موزوں ملک ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ایسی کانفرنسوں میں شرکت کرنے سے سرمایہ کاری کے فروغ میں آگہی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مالیاتی خسارے میں کمی کی۔ حکومت سنبھالتے ہی معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جس کے باعث معاشی اہداف بہتر ہوئے۔

سٹاک مارکیٹ میں تیزی آئی اور پاکستان کی کرنسی کو مضبوط کیا۔ بڑے ملکوں کی کرنسی کے مقابلے میں پاکستانی معیشت درست سمت میں گامزن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرنسی میں 10 فیصد اضافہ ہوا۔ شرح نمو کا ہدف 4 سے 6 فیصد مقرر کررکھا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ توانائی اور پیداوار کے درمیان خلیج پیدا ہوگئی۔ حکومت نے توانائی بحران کو ختم کرنے کیلئے متعدد منصوبوں پر کام شروع کر رکھا ہے ۔

حکومت نے 17 ماہ کے دوران 1700 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی۔ ہم نے اپنے نجی شعبے کو این ایل جی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔حکومت جلد اوجی ڈی سی ایل کے حصص فروخت کرے گی،سرمایہ کاری بورڈ کے استحکام کیلئے اسلام آباد میں پیر سے دو روزہ عالمی کانفرنس جاری ہے۔ کانفرنس کا مقصد پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے مواقع اور مراعات کو اجاگر کرنا ہے۔

کانفرنس میں 24 غیر ملکیوں سمیت 350 سے زائد مندوبین نے شرکت کی۔ کانفرنس میں بجلی‘ تیل اور گیس‘ بنیادی ڈھانچے‘ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت اہم شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عالمی کانفرنس میں شرکت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دھرنوں کی سیاست نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔خدارا ملک کو دھرنوں اور منفی سیاست سے بچائیں۔

دھرنے والے دھرنا چھوڑ گئے ہیں اب خطرہ کس سے ،دھرنوں کے باعث پاکستانی معیشت کو کافی دھچکا لگا۔دھرنے والے دھرنا دیتے رہیں گے پاکستان ترقی کرتا چلا جائے گا۔ دھرنے والوں کا پاکستان کی ترقی سے کھیلنا غیر مناسب ہے ۔دھرنوں سے غیر ملکی دوست نالاں ہیں ۔دھرنے کے باعث چینی صدر نے دورہ پاکستان ملتوی کیا ۔دھرنے والے سوچیں کہ کیا وہ پاکستان کی خدمت کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ ملک میں ایک جمہوری اور پر امن طریقے سے اقتدار دوسری حکومت کو منتقل ہوا۔۔دھرنے والوں کو خبردار کرتا ہوں کہ پاکستان کی ترقی کے لئے ہمیں کام کرنے دیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی ،توانائی اور دیگر چیلنجز کا سامنا ہے ۔حکومت کو دہشت گردی ،توانائی کے لئے کام کرنے دیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت میں کرپشن کا کوئی بڑا سکینڈل منظر عام پر نہیں آیا اس سے قبل کرپشن کے بڑے بڑے سکینڈل منظر عام پر آئے تھے۔