ایرانی فورسز کی جانب سے پاکستانی سرحدی علاقے میں مارٹر گولے فائر، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پاکستان نے اپنی سرحد کو محفوظ نہ بنایا تو وہاں موجود دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کی جائیگی، ایران کی دھمکی

ہفتہ 25 اکتوبر 2014 09:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24اکتوبر۔2014ء ) ایران نے ایک بار پھر پاکستانی سرحدی علاقے میں 5 مارٹر گولے فائر کئے ہیں تاہم اس کے نتیجے میں کوئی جانی ومالی نقصان نہیں ہوا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سیکورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ جمعہ کے روز بلوچستان کے ضلع واشو کی تحصیل ماشکیل میں 5 مارٹرگولے فائر کئے گئے تاہم اس کے نتیجے میں کوئی جانی ومالی نقصان نہیں ہوا جب کہ یہ ایک ہفتے کے دوران ایرانی فورسز کی جانب سے پاکستانی سرحدی علاقے میں کارروائی کا دوسرا واقعہ ہے۔

دوسری جانب ایرانی فوج کے ڈپٹی جنرل کمانڈنگ بریگیڈیئر حسین سلامی نے پاکستان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگراس نے اپنی سرحد کو محفوظ نہ بنایا تو پاکستانی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جائیگی، واضع رہے کہ اس سے قبل ایرانی بارڈر سیکیورٹی گارڈز کے اغوا کے بعد ایران پاکستانی حدود میں کارروائی کی دھمکی دے چکا ہے اور ایرانی وزیر داخلہ عبدالرضا رحمان کا کہنا تھا اگر پاکستان نے ایرانی سیکیورٹی محافظین کو رہا کرانے کے لیے کچھ نہ کیا تو ہم پاکستان میں اپنے فوجی بھیج کر ان کو رہا کرانے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 17 اکتوبر کو ایرانی فورسز نے ایف سی کی سرحد پر پیٹرولینگ کرنے والی پارٹی پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں صوبیدار شہید اور3اہلکارزخمی ہوگئے تھے جس کے بعد دفترخارجہ نے اس واقعے پر ایران سے احتجاج بھی کیا جب کہ ایرانی دفترخارجہ نے پاکستان کے سفیر کو دفترخارجہ طلب کرکے الزام عائد کیا تھا کہ اس کی سرزمین سے دہشت گرد ایران میں داخل ہوکر کارروائیاں کرتے ہیں۔