طالبان کی طرف سے دھمکیاں مل رہی ، ایم کیو ایم کے راہنماؤں اور نائن زیرو کو خطرہ ہے‘رشید گوڈیل،سکیورٹی فراہم کی جائے‘ دھمکیاں ملنے کے باوجود سندھ حکومت نے کوئی اقدام نہیں کیا،ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر کی آصف حسنین اور دیگر راہنماؤں کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس

جمعرات 23 اکتوبر 2014 07:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اکتوبر۔2014ء) ایم کیو ایم کے راہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ طالبان کی طرف سے دھمکیاں مل رہی ہیں جس کی وجہ سے ایم کیو ایم کے راہنماؤں اور نائن زیرو کو خطرہ ہے‘ سکیورٹی فراہم کی جائے‘ دھمکیاں ملنے کے باوجود سندھ حکومت نے کوئی اقدام نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر رشید گوڈیل نے آصف حسنین اور دیگر راہنماؤں کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کی جانب سے کئی روز سے ایم کیو ایم کے راہنماؤں اور کارکنوں کو دھمکیاں مل رہی ہیں جس کی وجہ سے ایم کیو ایم کے راہنماؤں کی جان کو خطرات لاحق ہیں۔ طالبان کی جانب سے خطوط اور بھتے کی پرچیاں ثبوت کے طور پر ہم وزارت داخلہ اور حکومت پاکستان کے دیگر عہدیداران کو بھی دے چکے ہیں لیکن اب تک اس کا کوئی سدباب نہیں ہوسکا۔

(جاری ہے)

رشید گوڈیل نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان نائن زیرو اور ایم کیو ایم کے راہنماؤں کو سکیورٹی فراہم کرے کیونکہ گذشتہ دنوں نائن زیرو کے عقب میں ایک تاجک باشندہ گرفتار ہوا تھا جوکہ نائن زیرو کی فلمبندی کررہا تھا۔ طالبان نے خطوط کے ذریعے یہ بھی کہا ہے کہ ہمارے لوگ لندن میں بھی موجود ہیں جوکہ الطاف حسین کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ نائن زیرو کو دھماکوں سے اڑانے کی دھمکی کے بعد حکومت پاکستان کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور ہمیں سکیورٹی فراہم کی جائے۔