پی ٹی آئی سربراہ عمران خان پی اے ٹی کا دھرنا ختم ہونے پر افسردہ، طاہر القادری کے کارکنوں نے جس طرح ڈٹ کر مقابلہ کیا اس پر شکریہ ادا کرتا ہوں، جمہوریت میں سب کو احتجاج کا حق ہوتا ہے، بادشاہت میں نہیں، جب تک جان میں جان ہے میں نواز شریف کے استعفیٰ کیلئے یہیں رہوں گا، نئے پاکستان کیلئے قربانی دینا پڑے گی،سونامی جمعہ کو گجرات پہنچ رہا ہے، کوئی عوام کے سمندر کو نہیں روک سکے گا، دھرنے سے خطاب

جمعرات 23 اکتوبر 2014 07:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اکتوبر۔2014ء)پاکستا ن تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عوامی تحریک کے دھرنا ختم کرنے پر افسوس ہوا، طاہر القادری کے کارکنوں نے جس طرح ڈٹ کر مقابلہ کیا اس پر شکریہ ادا کرتا ہوں، جمہوریت میں سب کو احتجاج کا حق ہوتا ہے، بادشاہت میں نہیں، جب تک جان میں جان ہے میں نواز شریف کے استعفیٰ کیلئے یہیں رہوں گا، نئے پاکستان کیلئے قربانی دینا پڑے گی۔

اسلام آباد میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ حکومت جانتی تھی 4 حلقے کھلے تو دھاندلی کا گیم کھل جائے گا، نہ کوئی لندن پلان تھا، نہ کوئی تھرڈ ایمپائر، میں نے ہمیشہ اوپر کی طرف انگلی اٹھائی تھی، اوپر اللہ ہے، دھاندلی کرکے اکھٹے ہونیوالوں کا خیال تھا ہم چلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے لوگوں کے جانے پر افسوس ہے، پی اے ٹی اور پی ٹی آئی کے لوگوں میں دوستیاں ہوگئی تھیں، جمہوریت میں احتجاج کا حق ہوتا ہے، بادشاہت میں نہیں، ڈاکٹر طاہر القادری کا ساتھ دینے پر شکر گزار ہوں، عوامی تحریک کے کارکنوں کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر مشکور ہوں، کارکنان پولیس کے خلاف ڈٹے ہوئے تھے، ڈاکٹر صاحب کی تحریک نے جس طرح مقابلہ کیا، داد دیتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ آپ کیا سمجھتے ہیں میں چلا جاوٴں گا؟، نواز شریف کے استعفیٰ تک یہیں بیٹھوں گا، فیصلہ کن وقت ہے، نیا پاکستان بنے گا، ماڈل ٹاوٴن والوں پر فائرنگ جمہوریت کیخلاف سازش تھی، دھرنا مظلوم پاکستانیوں کی آواز بن گیا ہے، جب تک مجھ میں جان ہے، یہی رہوں گا، تمبو لگاکر بھی بیٹھنا پڑے تو بیٹھوں گا، پیسہ ختم ہوجائے، کارکن چلے جائیں، میں بیٹھوں گا۔

انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کیلئے قربانی دینا پڑے گی، کپتان کارکنوں کو مزید آزمائش میں ڈالے گا، نواز شریف فکر نہیں کریں وزیراعظم ہاوٴس کی طرف نہیں جائیں گے، سونامی جمعہ کو گجرات پہنچ رہا ہے، کوئی عوام کے سمندر کو نہیں روک سکے گا۔عمران خان نے کہا دھرنے میں ظالموں کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کے واپس جانے پر افسوس ہے۔

واضح ہو گیا طاہرالقادری اور ہمارا مقصد الگ الگ تھا۔ عمران خان نے کہا دھرنا مظلوم اور کمزور لوگوں کی آواز بلند کرنے کیلئے ہے۔ اگلے پلان میں عوام کے سمندر کو کوئی نہیں روک سکے گا۔ اگر بادشاہت کیخلاف نہ اٹھے تو یہ اسی طرح ملک لوٹتے اور بچوں کو بادشاہ بناتے رہیں گے جب تک میرے اندر جان ہے یہاں رہونگا۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا ہم حقیقی جمہوریت کی جنگ لڑ رہے ہیں اور دوسری طرف بادشاہت ہے یقین دلاتا ہوں کوئی بھی طاقت نیا پاکستان بننے سے نہیں روک سکتی۔ یہ وقت فیصلہ کن ہے گیارہ کروڑ پاکستانی دو وقت کی روٹی نہیں کھا سکتے، ڈھائی کروڑ بچے اسکول نہیں جاتے ملک لوٹا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کور کمیٹی کو بتا دیا تھا کہ نواز شریف کے استعفے تک بیٹھوں گا۔