سردیوں میں گیس کی طلب میں اضافہ پر گیس سپلائی نہایت محتاط انداز میں کی جائے ، ایل این جی کی رسدآئندہ برس کی پہلی سہ ماہی سے شروع ہوجائے گی،بہترین استعداد کار والے پاور پلانٹس میں استعمال کیا جائے گا، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار

بدھ 22 اکتوبر 2014 08:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22اکتوبر۔2014ء )وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سردیوں کے موسم میں گیس کی طلب میں اضافے کے پیش نظر گیس کی رسد کاانتظام نہایت محتاط انداز میں کیا جائے، ایل این جی یا مائع قدرتی گیس کی رسدآئندہ برس کی پہلی سہ ماہی سے شروع ہوجائے گی جس کو بہترین پیداواری استعداد کاررکھنے والے پاور پلانٹس( بجلی کارخانوں) میں استعمال کیا جائے گا۔

منگل کے روز یہاں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس ہوا جس میں ملک بھر میں گیس کی رسد کی صورتحال اور گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کو گیس کی رسد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس کے دوران عالمی مالیاتی فنڈ کی آئندہ اقساط کے تناظر میں ملک کی مجموعی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے دوران شرکاء نے زور دیا کہ کہ سردیوں کے موسم میں گیس کی طلب میں اضافے کے پیش نظر گیس کی رسد کاانتظام نہایت محتاط انداز میں کیا جائے اور نہایت احتیاط سے موسم سرما کے دوران گیس کی رسد کو مستقل رکھا جائے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت گھریلو صارفین کو سہولت فراہم کرنا چاہتی ہے تاہم صنعتی شعبہ کو بھی بھرپور توجہ فراہم کی جائے گی کیونکہ وہ ملک کی معیثت میں ریڑھ کی ہڈی کے حیثیت رکھتا ہے ۔اس موقع پروفاقی وزیر برائے پیٹرولیم و قدرتی وسائل نے اجلاس کے شرکاء کو مطلع کیا کہ ایل این جی یا مائع قدرتی گیس کی رسدآئندہ برس کی پہلی سہ ماہی سے شروع ہوجائے گی جس کو بہترین پیداواری استعداد کاررکھنے والے پاور پلانٹس( بجلی کارخانوں) میں استعمال کیا جائے گا ۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم او قدرتی وسائل شاہد کاقان عباسی، سیکریٹری وزارت خزانہ آغا وقار مسعود، سیکریٹری وزارت پیٹرولیم و قدرتی وسائل عابد سعید ،مشیر برائے فنانس ڈویژن شاہد امین اور دونوں وزارتوں کے دیگر اعلی حکام نے شرکت کی ۔