طاہرالقادری کا شاہراہ دستور پر دھرنا ختم کر نے کااعلان ، ملک کے قریہ قریہ اور نگر نگر میں دھرنے ہوں گے شاہراہ دستورکے شرکاء کو واپسی کی اجازت، جناح ازم کو پھیلایا جائے گا،دھرنے نے ملک میں انقلاب کاشعور بیدار کیا اور سول سوسائٹی نے انقلاب کی فکر کو اپنا لیا ہے،وی آئی پی کلچر کے خلاف بغاوت اور گو نواز گوایک تحریک بن چکی ہے،خون کابدلہ خون ہوگا۔شہیدوں کے خون سے کبھی بھی غداری نہیں ہوگی،شرکائے دھرنا سے خطاب

بدھ 22 اکتوبر 2014 08:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22اکتوبر۔2014ء)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے شاہراہ دستور پر دھرنا ختم کر کے دھرنے پورے ملک میں پھیلانے کااعلان کرتے ہوئے شرکاء کو گھروں کو جانے کی اجازت دے دی اور کہا ہے کہ ہر شہر میں دو دن کادھرنا ہوگااور اس کاآغاز 23اکتوبر کو ایبٹ آباد سے ہوگا، 23نومبر کو بھکر ،5دسمبرکو سرگودھا،14دسمبر کو سیالکوٹ اور 25دسمبر کو کراچی میں جلسہ اور دھرنا ہوگا۔

یہ سلسلہ بعد ازاں بھی جاری رہے گا۔جناح ازم کو پھیلایا جائے گااور ملک کے قریہ قریہ اور نگر نگر میں دھرنے ہوں گے۔ ان خیالات کااظہا انہوں نے لاہور کے جلسے کے بعد دھرنے میں واپس آنے پر ہزاروں شرکائے دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دھرنے سے غلام مصطفی کھر،چوہدری شجاعت حسین،علامہ ناصر عباس اور ڈاکٹر رحیق عباسی نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ شاہراہ دستور کے دھرنے نے پورے ملک میں انقلاب کاشعور بیدار کیا اور سول سوسائٹی نے انقلاب کی فکر کو اپنا لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی حکومت کے قیام ،احتساب اور پھر انتخابی اصلاحات کے لئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی اور انقلاب کے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے عوام پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ ہوں گے۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اللہ نے دھرنے کے ذریعے انقلاب کو پورے ملک میں پھیلا دیاہے ۔قوم کی سوچ میں انقلاب آگیا ہے۔وی آئی پی کلچر کے خلاف بغاوت اور گو نواز گوایک تحریک بن گئی ہے۔

فیصل آباد اور لاہور کے جلسوں میں 80فیصد عوام الناس نے شرکت کر کے ثابت کردیا کہ اب پاکستان عوامی تحریک کاانقلاب ہر گھر میں داخل ہوچکا ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے17جون ،23جون،10اگست اور30اگست کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے قربانیوں کی عظیم داستان رقم کر کے پوری قوم کاسر فخر سے بلند کردیا۔کسی کو ریمینڈ ڈیوس نہیں بننے دیں گے۔

خون کابدلہ خون ہوگا۔شہیدوں کے خون سے کبھی بھی غداری نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کارکنوں نے ایثار اور قربانی کی جو عظیم داستان رقم کی وہ پاکستان عوامی تحریک کاسرمایہ ہے جسے میں زندگی بھر بھلانہیں سکوں گا۔حکومت سے مذاکرات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہماری بات نہیں مانی اور ہم نے حکومت کی بات نہیں مانی ۔جو اربوں روپے دینے لینے کی بات کرتے ہیں بے ایمان شیطان اور دجال ہیں۔

انہوں نے میڈیا کو گواہ بنا کر کہا کہ ہمارا دامن معاہدے کے دھبے سے پاک ہے۔دنیا بھر کی دولت جمع کر کے بھی کوئی ضمیر تو کیا میراجوتا بھی نہیں خرید سکتا۔انقلاب کی جدوجہد میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے مجاہدانہ کردار کوسراہتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کارکنوں کوکہا کہ سب کھڑے ہوکر میڈیا کو خراج تحسین پیش کیا۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ انقلاب دھرنا نے عالمی ریکارد قائم کیا ہے اور اس نے انقلاب کو وہ بنیادفراہم کردی ہے جو انشاللہ غریبوں کی خوشحالی اور ملکی استحکام پر منتج ہوگی۔