مینار پاکستان جلسہ میں طاہرالقادری نے بجلی بنانے سے متعلق جو منصوبے بتائے وہ انٹر نیٹ سے کاپی کئے گئے،عابد شیر علی، دھنئے کی کھوپڑی میں پانی ملانے سے بجلی پیدا نہیں ہوتی ہمارے بس میں جو ہے وہ قوم کیلئے کر دکھائیں گے اور سرخرو ہونگے،دھرنے قطار توڑنے کے مترادف ہیں اسی کو کہتے ہیں” دیس چوری پردیس بھکشا“دھرنوں کی بجائے ووٹ کی طاقت کو تسلیم کیا جائے،عمران خان کو اگلی باری اپنی لگتی ہے تو انتظارکریں، دھرنے قطار توڑنے کے مترادف ہیں،پاکستان کے امیج کو دنیا بھر میں بدنام نہ کیا جائے، بیان

منگل 21 اکتوبر 2014 04:53

راولپنڈی،اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21اکتوبر۔2014ء)پانی و بجلی کے وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ مینار پاکستان پر تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے جلسوں میں لاہوریوں نے شرکت نہیں کی ،طاہرالقادری نے بجلی بنانے کے منصوبوں سے متعلق جو فارمولے بتائے وہ انٹر نیٹ پر بھی مل جاتے ہیں،عمران خان کو اگلی باری اپنی لگتی ہے تو باری کا مطلب مایوسی نہیں بلکہ قطار میں کھڑے ہوکراپنی باری کا انتظار کرنا اور اپنے سے پہلے قطار میں کھڑے لوگوں کو عوام کی خدمت کا پورا پورا موقع دینا ہوگا،اپنی ذہنی اختراع دوسروں پر زبردستی مسلط کرنا ملک و قوم کے ساتھ انصاف نہیں ہے،دھرنے قطار توڑنے کے مترادف ہیں اسی کو کہتے ہیں” دیس چوری پردیس بھکشا،،۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کیا،انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہرالقادری یہاں پر تو لاٹ صاحب بنے پھرتے ہیں لیکن باہر جاکرجھولیاں پھیلاکر فنڈز اکھٹے کرتے ہیں،بے وقت کے دھرنوں اور بے وقت کی راگنی نے ملکی معیشت کو تو تباہ کردیا ہے اب خدارا!بغیر ثبوت الزامات لگاکر پگڑیاں اچھالنے کا سلسلہ بند کیا جائے اور پاکستان کے امیج کو دنیا بھر میں بدنام نہ کیا جائے،

انہوں نے کہا کہ دھنئے کی کھوپڑی میں پانی ملانے سے بجلی پیدا نہیں ہوتی ہمارے بس میں جو ہے وہ قوم کیلئے کر دکھائیں گے اور سرخرو ہونگے لیکن اگر ہمیں کام نہیں کرنے دیا جائیگا تو وہ بھی قوم کے سامنے ہوگا،انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان جلسہ میں طاہرالقادری نے بجلی بنانے سے متعلق جو منصوبے بتائے وہ انٹر نیٹ سے کاپی کیئے گئے جن کیلئے پنجاب حکومت کی طرف سے نوجوان طالبعلموں کو دئیے گئے لیپ ٹاپ کو استعمال کیا جاتا ہے،چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ طاہرالقادری نے بجلی کی قیمتیں بڑھانے سے متعلق غلط اعدادو شمار بتائے،بجلی کی قیمت نگران دور حکومت میں بڑھائی گئی لیکن سارا الزام ہمارے سر پر تھوپ دیا جاتا ہے،انہوں نے کہا کہ قادری نے پاکستان کے ایٹمی ملک ہونے پر فخر کا اظہار کیا لیکن یہ نہیں بتایا کہ بے پناہ غیر ملکی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے میاں نواز شریف کے دور میں ہوئے،چائنہ اکنامک زون کی بات تو کی اور اسے ملکی مفاد میں قرار دیا ساتھ ہی پاکستان میں 34 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی مخالفت کردی لیکن یہ نہیں بتایا کہ دھرنے دیکر چائنہ کے صدر کا دورہ کس کے ایماء پر منسوخ کرایا گیا،مواصلات کا نظام بہتر بنانے کی بات کی لیکن میاں نواز شریف کو موٹر وے کا کریڈٹ نہیں دیا بلکہ میٹرو بس منصوبے کی مخالفت کردی،چوہدری عابد شیر علی نے مزید کہا کہ طاہرالقادری کا عوامی تحریک کو سیاسی جماعت بنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے اگر وہ سیاست میں آہی گئے ہیں تو انہیں بھی دھرنے کی بجائے ووٹ کی طاقت کو تسلیم کرنا ہوگا۔