متحدہ قومی موومنٹ نے نئے صوبوں کے قیام اور خورشید شاہ کے خلاف مذمت کی قراردادیں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادیں، ملک کی آبادی بیس کروڑ ہے اور صوبے بھی 20 بننے چاہئیں ، رشید گوڈیل،مہاجروں کو گالی دینے والا توہین رسالت کا مرتکب ہوگا ، مشترکہ پریس کانفرنس

منگل 21 اکتوبر 2014 04:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21اکتوبر۔2014ء)متحدہ قومی موومنٹ نے نئے صوبوں کے قیام اور خورشید شاہ کے خلاف مذمت کی قراردادیں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی ہیں اور قومی اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر رشید گوڈیل نے کہا ہے کہ ملک کی آبادی بیس کروڑ ہے اور صوبے بھی 20 بننے چاہئیں ،پاکستان کی ترقی کہیں نظر نہیں آتی ، قوم کو تقسیم کرکے وسائل پر وڈیروں کا قبضہ ہے ، مہاجروں کو گالی دینے والا توہین رسالت کا مرتکب ہوگا ، ان خیالات کااظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ایم کیو ایم کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے اندر نئے صوبوں کے حق اور خورشید شاہ کے بیان کے خلاف قرارداد جمع کرادی ہے جو کہ جلد بحث کیلئے بھی لائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نظریہ الطاف حسین کی ضرورت ہے الطاف حسین نے نئے صوبوں کی بات کی تو وڈیرے ، جاگیردار اور سرمایہ کاروں نے نئے صوبوں کی مخالفت شروع کردی جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وسائل کی تقسیم پر وڈیروں کے اختیارات کم ہورہے ہیں انہوں نے کہا کہ مہاجروں کو گالی دینے والا توہین رسالت کا مرتکب ہوگا کیونکہ نبی کریم ﷺ نے بھی مکہ سے مدینہ ہجرت کی ۔

انہوں نے کہا کہ نئے صوبے بننے سے چوہدریوں اور وڈیروں کی حکومت ختم ہوجائے گی پاکستان کے اندر بیس نئے صوبے بنانے چاہیے نظریہ الطاف آج وقت کی اہم ضرورت ہے سول سوسائٹی ، وکلاء ، صحافی اور عوام سے پرزور اپیل کرتاہوں کہ صوبوں کے حوالے سے ہر فورم پر بات کریں نئے صوبے بننے کی وجہ سے ترقی کی رفتار زیادہ ہوگی ہر آدمی خوشحال رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر ایک حکومتی ایم این اے نے کہا کہ اس طرح بات نہ کرو ورنہ ہم تم پر کراچی تنگ کردینگے میں یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ عوام کے حق کیلئے لڑنا اور مرنا ہم جانتے ہیں جس کیلئے ہمیں کوئی بھی پیچھے نہیں چھوڑ سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ کے بیان کیخلاف جس میں انہوں نے مہاجروں کو گالی دی تحریک قومی اسمبلی میں جمع کروادی ہے اور بیس نئے صوبوں کے حوالے سے بھی الطاف حسین کی ہدایت پر قومی اسمبلی میں تحریک جمع کروادی ہے ۔