خیبر ایجنسی میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن،شمالی وزیرستان میں بمباری،44 دہشت گرد ہلاک ،اہم کمانڈروں سمیت 50 شدت پسندوں نے سیکیورٹی فورسز کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے

پیر 20 اکتوبر 2014 08:38

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20اکتوبر۔2014ء) خیبر ایجنسی میں سیکورٹی فورسزکی کاروائی میں37دہشتگرد ہلاک ہوگئے،سیکورٹی فورسز کے مطابق باڑہ میں وادی تیراہ کے علاقے اکا خیل میں دہشتگردوں کے خلاف تلاشی کی کارروائی جاری ہے۔سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں سے کہاہے کہ وہ ہتھیار پھینک دیں اورحکومت کی عملداری تسلیم کریں۔سیکیورٹی فورسز قبائلی عوام کو ان دہشتگردوں سے نجات دلانا چاہتی ہیں جو قبائلی عوام کی مشکلات میں پہلے ہی کئی گنا اضافہ کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

کارروائی میں سینتیس دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ اہم کمانڈروں سمیت پچاس شدت پسندوں نے سیکیورٹی فورسز کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔ادھرشمالی وزیرستان میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے سات دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے‘ بمباری سے تین ٹھکانے بھی تباہ۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو علی الصبح تین جیٹ طیاروں نے پاک افغان سرحد کے قریب دتہ خیل میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمبارکی جس کے نتیجے میں سات دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے اس کے علاوہ دہشت گردوں کے تین مشتبہ ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے۔ آپریشن ضرب عضب شمالی وزیرستان میں کامیابی سے جاری ہے جہاں پر اب دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔