ملک میں توانائی بحران حل کرنے کیلئے نئے ڈیمز کی تعمیر حکومت کے اولین منصوبوں میں شامل ہے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، دیامر بھاشا اور داسو ڈیم کی تعمیر انتہائی اہم ہے، دورہ امریکہ سے دیامر بھاشا ڈیم کے حوالہ سے امریکی سرمایہ کاروں میں شعور پیدا ہوا ، دورے کی کامیابی کیلئے فالو اپ تیار کیا جائے گا،صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 18 اکتوبر 2014 08:17

اٹک خورد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18اکتوبر۔2014ء)وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک میں توانائی بحران حل کرنے کیلئے نئے ڈیمز کی تعمیر حکومت کے اولین منصوبوں میں شامل ہے، دیامر بھاشا اور داسو ڈیم کی تعمیر انتہائی اہم ہے، دورہ امریکہ سے دیامر بھاشا ڈیم کے حوالہ سے امریکی سرمایہ کاروں میں شعور پیدا ہوا ہے ، دورہ امریکہ کی کامیابی کیلئے فالو اپ تیار کیا جائے گا، اولیاء الله نے معاشرے میں امن،محبت اور اخوت کا درس دیا،اولیاء کرام سے تعلق مضبوط اور پیغمبر اسلام کی تعلیمات پر عمل کرکے زندگیوں کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے، وہ تحصیل حضرو کے دیہات مانسر میں سائیں کلو بابا سرکار کے سالانہ تین روزہ عرس کی اففتاحی تقریب سے خطبہ صدارت ، صحافیوں سے گفتگو اور وزارت خزانہ میں اجلاس سے خطاب کررہے تھے، مانسر حضرو آمد پرپولیس اور خفیہ ایجنسیوں کے ا فسران نے سکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کررکھے تھے،

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے دربارپر حاضری دی، چادر چڑھائی اور پھول نچھاور کئے، عرس کے افتتاح میں نعت خوانی کے موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار آبدیدہ ہو گئے، اس موقع پر دربار کے متولی راجہ سرفراز، راجہ حافظ محمد اعجاز ، راجہ امتیاز ، اراکین قومی اسمبلی رانا نذیر احمد، نصر الله دریشک،مہراب خان، واجد خان، سینئر صحافی نثار علی خان، خالد محمود جلالیہ سمیت ڈی ایس پی حضرو سرکل سید شوکت علی شاہ، ایس ایچ او حاجی گلفراز سمیت علاقہ بھر سے مریدین و معتقدین کی بڑی تعداد موجود تھی، عرس تین دن تک جاری رہے گا جس میں نعت خوانی، قوالیاں اور دیگر پروگرامز پیش کئے جائیں گے، معروف قوال امجد فرید صابری و ہمنوا خصوصی قوالی پیش کریں گے، عرس کی اختتامی تقریب آج ہفتہ کو ہو گی جس میں اختتامی دعا کیلئے ملک بھر سے مریدین شرکت کریں گے، عرس کے تینوں روز لنگر پیش کیا جائے گا، عرس کے افتتاح میں نعت خوانی کے موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار آبدیدہ ہو گئے، انہوں نے بہترین انتظامات پر متولی راجہ سرفراز، راجہ حافظ محمد اعجاز ، راجہ امتیاز اور ان کے ساتھیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔