پاکستان کا بھارت کی کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر خلاف و رزیوں پر سخت تشویش کا اظہار ،عالمی برادری کو آگاہ کر دیا، دنیا کو بھی اس پر تشویش ہے،دفتر خارجہ،ایران کے الزامات مسترد، پاکستان سے کسی دہشت گرد کے ایران جانے کے کوئی شواہد ملے اور نہ ہی ایران نے کوئی ثبوت فراہم کیے،ترجمان کی پریس بریفنگ

ہفتہ 18 اکتوبر 2014 08:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18اکتوبر۔2014ء)پاکستان نے بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر خلاف و رزیوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری کو اس سے آگاہ کر دیا ہے اور دنیا کو بھی اس پر تشویش ہے جبکہ ایران کی جانب سے لگائے گئے دہشت گردی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران میں دہشت گردی کے لیے پاکستان سے کسی دہشت گرد کے جانے کے کوئی شواہد ملے اور نہ ہی ایران نے اس سے متعلق کوئی ثبوت فراہم کیے۔

ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے جمعہ کو یہاں ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف آپریشن اپنے مفاد میں کررہا ہے اور ہماری مسلح افواج دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار ہیں جبکہ ایران میں دہشت گردی کے لیے پاکستان سے کسی دہشت گرد کے جانے کے کوئی شواہد نہیں ملے اور نہ ہی ایران کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی ثبوت فراہم کیے گئے لہٰذا دہشت گردی کی تمام کارروائیاں ایران کے اندر ہی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان اور ایران ہمسائے اور دہشتگردی سے متاثر ممالک ہیں ایسے ماحول میں ہمیں ایران کے ساتھ تعاون کی ضرورت ہے۔پاک بھارت سرحدی کشیدگی پر ترجمان کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باوٴنڈری پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے عالمی برادری بھی تشویش کا شکار ہے جبکہ بھارت کی اس جارحیت میں اب تک 12 افراد شہید ہوچکے ہیں اور ہم نے عالمی برادری کو اپنی تشویش سے آگاہ کردیا ہے۔ کالعدم تحریک طالبان سے متعلق سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا شاہد اللہ شاہد کے پاکستانی حدود میں ہونے کا کوئی علم نہیں ہے۔