صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد رواں سال ممکن نہیں ہے، اشتیاق احمد خان ،صوبے میں بلدیاتی انتخابات 2015ء مارچ کے آخر میں ہوں گے،جاوید ہاشمی کے ضمنی انتخاب میں پمفلٹ تقسیم کرنے کے حوالے سے ہمارے علم میں کوئی شکایت نہیں لائی گئی،اس کی تقسیم کے حوالے سے پی آر او نے فیصلہ کرنا ہے،اگر اس نے فیصلہ نہ کیا تو پھر الیکشن کمیشن کرے گا،سیکرٹری الیکشن کمیشن کی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعہ 17 اکتوبر 2014 08:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17اکتوبر۔2014ء)سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد رواں سال ممکن نہیں ہے،صوبے میں بلدیاتی انتخابات 2015ء مارچ کے آخر میں ہوں گے،الیکشن کمیشن کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے جائزہ لیا گیا،اجلاس میں نادرا،پرنٹنگ کارپوریشن اور صوبہ خیبرپختونخوا کے سیکرٹری بلدیات نے شرکت کی،اجلاس میں حلقہ بندیوں،بیلٹ پیپر کے کاغذ کی خریداری اور بائیومیٹرک سسٹم کے تحت بلدیاتی انتخابات کرانے کے معاملات کو دیکھا گیا،ان کا کہنا تھا کہ صوبہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے حلقہ بندیوں کا اختیار دے دیا ہے لیکن صوبے میں بلدیاتی انتخابات پرانی حلقہ بندیوں کے تحت ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیلٹ پیپر کی خریداری کیلئے پرنٹنگ کارپوریشن نے تین مہینے کا وقت مانگا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحصیل غازی میں بائیومیٹرک سسٹم کے تحت الیکشن ہوں گے جبکہ صوبے کے دیگر علاقوں میں بیلٹ پیپر کے ذریعے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی کے ضمنی انتخاب میں پمفلٹ تقسیم کرنے کے حوالے سے ہمارے علم میں کوئی شکایت نہیں لائی گئی،اس کی تقسیم کے حوالے سے پی آر او نے فیصلہ کرنا ہے،اگر اس نے فیصلہ نہ کیا تو پھر الیکشن کمیشن کرے گا۔