مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ میں پاک بھارت نمائندوں کے درمیان ٹاکرا ،کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے ، الیکشن میں کشمیریوں نے بڑھ چڑ ھ کر حصہ لیا ، کشمیر کے لوگ بھارت کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں ،پاکستان فوج سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی آڑ میں عسکریت پسندوں کو اس ہماری طرف دھکیل رہا ہے، ابھیشک سنگھ ، ابھیشک کا دعویٰ صحیح ہے توکشمیر میں رائے شماری کی جائے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا ،کشمیر ایک متنازعہ مسئلہ ہے اور اقوام متحدہ نے اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے کئی قراردادیں پاس کیں ہیں، پاکستان اپنی آواز ہر فورم میں بلند کرتا رہے گا ، عید الاضحی سے بھارتی فوج نے پاکستان کے شہری علاقوں میں گولہ باری شروع کررکھی ہے جس کے نتیجے میں بیس کے قریب افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ، مسعود خان

جمعرات 16 اکتوبر 2014 09:25

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16اکتوبر۔2014ء) اقوام متحدہ میں اس وقت پاکستان اور بھارت کے نمائندوں کے درمیان کشمیر کے مسئلے پر بحث و تکرار ہوئی جب بھارت کے مستقل رکن ابھیشک سنگھ نے اقوام متحدہ کی کمیٹی کو بتایا کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے جبکہ کشمیریوں نے بار بار بھارت کے ساتھ وابستگی جتائی ہے اور الیکشن کے دوران کشمیریوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جس سے اس بات کی عکاسی ہوتی ہے کہ کشمیر کے لوگ بھارت کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان فوج سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی آڑ میں عسکریت پسندوں کو اس ہماری طرف دھکیل رہا ہے جب تک نہ پاکستان اپنی سرزمین بھارت مخالف سرگرمیوں کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہ دیں پاکستان کے ساتھ کسی قسم کی بات چیت شروع نہیں کی جاسکتی

بھارت کے مستقل رکن ابھیشک سنگھ نے کہا کہ کشمیر بھارت کاہے اور رہے گا اور کسی کو بھی اس کی طرف آنکھ اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اس موقع پر پاکستان کے مستقل رکن مسعود خان نے ابھیشک سنگھ سے مخاطب ہوتے کہا کہ اگر واقعی کشمیر کے لوگ بھارت کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں تو پاکستان کو اس میں کوئی حرج نہیں تاہم اس کیلئے بھارت کو رائے شماری کا راستہ اختیار کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک متنازعہ مسئلہ ہے اور اقوام متحدہ نے اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے کئی قراردادیں پاس کیں ہیں اور بین الاقوامی ممالک کو بھی اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے دونوں ملکوں پر دباؤ ڈال رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اگر بھارت کا دعویٰ واقعی حقوق پر مبنی ہے تو کیوں نہ کشمیر میں رائے شماری کی جائے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جب تک اس مسئلے کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق حل کیا جائے پاکستان اپنی آواز ہر فورم میں بلند کرتا رہے گا پاکستان کے مستقل رکن مسعود خان نے اقوام متحدہ کی کمیٹی کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایک متنازعہ مسئلہ ہے اور اس مسئلے کو حل کئے بغیر خطے میں امن وامان کی ضمانت نہیں دی جاسکتی انہوں نے کہا کہ عید الاضحی سے بھارتی فوج نے پاکستان کے شہری علاقوں میں گولہ باری شروع کررکھی ہے جس کے نتیجے میں بیس کے قریب افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور پاکستان یہ واضح کرنا چاہتا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اس وقت تک تعلقات بہتر نہیں ہوسکتے جب تک نہ کشمیر مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق حل کیا جائے انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور بین الاقوامی ممالک کی توجہ اس مسئلے کی طرف مبذول کرنے کیلئے پاکستان کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہے ۔