ملتان کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 149 میں ضمنی الیکشن آج ہوگا،مخدوم جاوید ہاشمی اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ عامر ڈوگر کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع

جمعرات 16 اکتوبر 2014 08:55

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16اکتوبر۔2014ء) ملتان کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 149 میں ضمنی الیکشن (آج) جمعرات کو ہوگا‘ مخدوم جاوید ہاشمی اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ عامر ڈوگر کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔ میڈیا رپورٹس کی مطابق سابق صدر پاکستان تحریک انصاف مخدوم جاوید ہاشمی جنہوں نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا ان کے حلقہ این اے 149 پر ضمنی انتخاب (آج) 16 اکتوبر بروز جمعرات ہوگا۔

(جاری ہے)

مخدوم جاوید ہاشمی اب آزاد امیدوار جبکہ ان کے مدمقابل عامر ڈوگر بھی آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ الیکشن کے رروز حلقہ میں کسی بھی قسم کے اسلحے کی نمائش پر پابندی اور دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔ دونوں امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے تاہم اس کامیابی کا فیصلہ نتائج آنے کے بعد ہی ہوگا۔ حلقے میں 286 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ فوج کی تعیناتی کی درخواست مسترد کردی گئی تھ جبکہ سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے رینجرز اہلکاروں کی تعیناتیاں کی گئی ہیں۔