آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ایڈمرل ذکاء اللہ کی ملاقات ، ملکی سکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ،پاک بحریہ کے نئے تعینات ہونے والے سربراہ کا ائیر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، پاک فضائیہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا ، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ سے ملاقات ۔ پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا،ائیر چیف کی ایڈمرل ذکا اُللہ کو وطنِ عزیز کے دفاع کے لئے پاک نیوی کے ساتھ مکمل معاونت کی یقین دہانی

بدھ 15 اکتوبر 2014 09:34

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اکتوبر۔2014ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ایڈمرل ذکاء اللہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک کی سکیورٹی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔منگل کے روز آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ نے ملاقات کی جہاں پر جنرل راحیل شریف نے ایڈمرل ذکاء اللہ کو کو پاک بحریہ کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی جبکہ فوج کے دونوں سربراہوں کے درمیان ملک کی سکیورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ادھرپاک بحریہ کے نئے تعینات ہونے والے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا اُللہ نے منگل کو ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ان کی آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا ۔

(جاری ہے)

بعد ازا ں پاک بحریہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ سے ملاقات کی۔دونوں سربراہان نے اس موقع پر پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ائیر چیف نے ایڈمرل ذکا اُللہ کو وطنِ عزیز کے دفاع کے لئے پاک نیوی کے ساتھ مکمل معاونت کی یقین دہانی کروائی۔ ائیر چیف نے دونوں افواج کے مابین موجود ہم آہنگی کو مزید بڑھانے اور اسے نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ نے پاک نیوی کے سربراہ کو کریسٹ پیش کیا۔