سینٹرل جیل کراچی سے خطرناک دہشت گردوں کو چھڑانے کا بڑا منصوبہ ناکام، جیل سے ملحقہ غوثیہ کالونی کے گھر سے بنائی گئی سرنگ پکڑی گئی ،دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑدیا گیا، کالعدم تنظیم کے 5دہشت گرد گرفتار

منگل 14 اکتوبر 2014 09:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14اکتوبر۔2014ء) سندھ رینجرز نے سینٹرل جیل کراچی سے خطرناک دہشت گردوں کو چھڑانے کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا ہے،جیل سے ملحقہ غوثیہ کالونی کے گھر سے بنائی گئی سرنگ پکڑی گئی،دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑدیا گیا، کالعدم تنظیم کے 5دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ڈپٹی ڈی جی رینجرز کرنل طاہر نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ کراچی سینٹرل جیل کو سرنگ کے ذریعے توڑنے کا منصوبہ ناکام بنادیا گیاہے،گرفتاردہشت گرد کی نشاندہی پرکئی علاقوں میں چھاپے مارے گئے، جس کے دوران جیل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے سرنگ پکڑی گئی، چھاپے کے وقت دہشت گردسرنگ کے ذریعے اپنے ہدف سے صرف 10 میٹر دور تھے، دہشت گردوں نے سرنگ 55میٹر لمبی کھودنی تھی وہ 45 میٹر کھود چکے تھے۔

(جاری ہے)

کرنل طاہر کا کہنا تھا کہ دہشت گرد غوثیہ کالونی سے جیل میں گھسنے کے لیے سرنگ بنا رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ سینٹرل جیل سے ملحقہ کالونیوں سے دہشت گردوں کو گرفتارکیا گیا ہے جو سرنگ کے ذریعے جیل میں داخل ہوناچاہتے تھے، مختلف کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد جیل میں قید ہیں،جیل توڑنے کی کوشش میں کالعدم تنظیموں کے لوگ ملوث ہیں۔ کرنل طاہر کے مطابق پکڑے گئے ملزمان نے بتایا ہے کہ کچھ مہینوں سے سرنگ کھودنے کا کام کررہے تھے،ملزمان سرنگ سے نکالی گئی مٹی دوسرے علاقے میں پھینک کرآتے تھے،منظم منصوبے کے تحت جیل توڑنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ایسا ممکن نہیں کہ اندر کی اطلاع کے بغیرباہرکام کیا جائے،ایسے لوگ یقیناً ہوں گے جنہوں نے جیل کے اندرسے مدد کی ہوگی، جیل کے قریب مکان ساڑھے پانچ ماہ قبل خریدا گیا تھا،میری رائے میں جیل کے اندر کے لوگ بھی ملوث ہوں گے،مکان بنانے اور بیچنے والے کے بارے میں تحقیقات کررہے ہیں۔کرنل طاہر نے بتایا کہ جیل میں خطر ناک قیدی موجود ہیں اس لیے جیل کی سکیورٹی پر کام ہورہا ہے ،شہرکے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کو گرفتارکیا گیا،کئی جگہ چھاپے مارے، اسلحہ اور بارود بھی برآمد ہوا، کارروائی کے دوران کھدائی میں مصروف لوگوں کو پکڑا گیا ، ملزمان سرنگ کھود کر جیل میں موجود کنویں تک پہنچنا چاہتے تھے، ماسٹر مائنڈ پکڑا گیا یا نہیں یہ نہیں کہہ سکتا۔

متعلقہ عنوان :