بھارتی جارحیت پر پاکستانی موقف کمزور اور مایوس کن ہے ‘لارڈ نذیر،بی جے پی نے اپنے ہر دور حکومت میں بے گناہ پاکستانیوں کی لاشیں گرا کر اپنی برتری ثابت کی ‘ ملالہ کو دنیا کا سب سے بڑا ایوارڈ نوبل پرائز ملنا پاکستان اور پاکستانیوں کیلئے فخر کی بات ہے ،عشائیے سے خطاب

پیر 13 اکتوبر 2014 08:54

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13اکتوبر۔2014ء) برطانوی ممبر پارلیمنٹ لارڈ نذیر احمد نے کہا ہے کہ ملالہ کو دنیا کا سب سے بڑا ایوارڈ نوبل پرائز ملنا پاکستان اور پاکستانیوں کے لئے فخر کی بات ہے، ملالہ کو چاہیے کہ جس طرح انہوں نے افریقی ملکوں میں جا کرتعلیم کے لئے کام کیا اسی طرح وہ فلسطین کا بھی دورہ کریں اور غزہ کے بچوں کی تعلیم اور حقوق کی آواز اعلیٰ ایوانوں میں اٹھائیں، بھارتی جارحیت پر پاکستانی حکومت کا موقف انتہائی کمزور اور مایوس کن ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسٹ لندن الفرڈ میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے منعقدہ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی بھارت میں بی جے پی کی حکومت آئی اور بالخصوص الیکشن کے موقع پر بھارت نے پاکستانی بارڈر پر بے گناہ پاکستانیوں کی نعشیں گرائیں تاکہ وہ اپنی عوام کو بتا سکیں کہ ہماری پالیسیاں کانگریس کے مقابلے میں پاکستان کے خلاف سخت ہیں۔

(جاری ہے)

لارڈز نذیر احمد نے بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی خلاف وزری کرنے اوربے گناہ افراد کی شہادتوں پر پاکستانی حکومت کوسخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر خلاف وزریوں کے خلاف حکومت کا موقف انتہائی کمزور ہے۔

انہوں نے کہا کہ 20 وزارتیں پاس رکھنے سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ نواز شریف کو چاہیے کہ دو بابوں سے جان چھڑا کروزارت خارجہ کسی اہل بندے کے حوالے کریں جو انڈیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکے اور انڈیا کے الزامات کو عالمی سطح پر جھوٹا ثابت کر سکے۔