نیپرا نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے ستمبر کا انرجی پرچیز ڈیٹا مانگ لیا،حکومت کی نیپرا کو پاور جنریشن کے لائسنس کیلئے ملتوی درخواستیں ترجیحی بنیاد پر نمٹانے کی ہدایت

پیر 13 اکتوبر 2014 08:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13اکتوبر۔2014ء)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کا گذشتہ ماہ (ستمبر) کا انرجی پرچیز ڈیٹا مانگ لیا ہے۔اس ضمن میں نیپرا حکام نے بتایا کہ بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کی طرف سے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت ماہانہ بنیاد پر بجلی کی قیمت خرید اور قیمت فروخت میں پائے جانے والے فرق کو پورا کرنے کے لیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ مانگی جاتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیپراکی طرف سے بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کے لیے جولائی کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ دیا جاچکاہے جبکہ اگست کے لیے پرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے تقسیم کارکمپنیوں کا انرجی پرچیز ڈیٹا نیپراکوفراہم کیا جاچکا ہے اور نیپرا نے سی پی پی اے سے کہا ہے کہ ستمبرکا ڈیٹا بھی فراہم کیا جائے تاکہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کیلئے درکار ری کنسیلیئشن کے عمل کومناسب وقت میں پورا کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو پاور کمپنیوں کی طرف سے بجلی کے نئے منصوبوں کے لیے اپ فرنٹ ٹیرف کے تعین اور پاور جنریشن کے لائنسنسز کے لیے التوا کا شکار درخواستیں ترجیحی بنیاد پر نمٹانے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کے مطابق نیپراکے پاس حکومت پنجاب سمیت دیگر نجی کمپنیوں کی بجلی کے منصوبوں کے لیے اپ فرنٹ ٹیرف متعین کرنے کی درجنوں درخواستیں پڑی ہیں لیکن نیپرا کی طرف سے ان درخواستوں کو نمٹایا نہیں گیا ہے جس کی وجہ سے کمپنیوں کو مشکلات کاسامنا ہے ذرائع نے مزید بتایا کہ اس کے علاوہ نیپرا کے پاس بہت سی کمپنیوں اور اداروں کی طرف سے نجی طور پر بجلی پیدا کرنے کی اجازت دینے کے حوالے سے بھی درخواستیں زیرالتوا ہیں۔

متعلقہ عنوان :