عوام ووٹ، سپورٹ اور نوٹ دیں تو قائد کا پاکستان واپس لوٹا دوں گا، طاہرالقادری،انقلاب کی تحریک کی ابتداء بھی1970ء میں فیصل آباد سے ہوئی تھی ،فیصل آباد کا یہ ٹھاٹھے مارتا ہوا سمندر عوام کا ریفرنڈم اور حکومت کی واضح شکست ہے،اب باریاں نہیں چلیں گی،19اکتوبر کو لاہور کے جلسہ میں بہت اہم اعلان کروں گا،ملک میں بادشاہت کو نہیں چلنے دیں گے،23اکتوبر کو ایبٹ آباد میں بھی جلسہ کریں گے،مزید جلسوں کے پروگرام کے بعد یورپی ممالک میں اپنے پاکستانی بھائیوں کا شکریہ ادا کرنے کیلئے جا ؤں گا ،دھوبی گھاٹ فیصل آباد میں جلسہ سے خطاب

پیر 13 اکتوبر 2014 08:37

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13اکتوبر۔2014ء)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ عوام مجھے ووٹ، سپورٹ اور نوٹ دیں تو میں انہیں قائد اعظم کا پاکستان واپس لوٹا دوں گا۔فیصل آباد کے دھوبی گھاٹ گراوٴنڈ میں پاکستان عوامی تحریک کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے طاہرالقادری نے کہا ہے کہ انقلاب کے لئے عوام سے مالی مدد چاہتا ہوں کیوں کہ نہ تو میں سرمایہ دار ہوں اور نہ ہی میری جاگیریں ہیں جب کہ اسٹیبلشمنٹ کی بھی مدد حاصل نہیں ہے لہذا عوام مجھے ووٹ، سپورٹ اور نوٹ دیں تو میں انہیں قائد اعظم کا پاکستان واپس لوٹا دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ 14 اگست سے اسلام آباد میں دھرنا دیا ہے جس سے حکومت تو نہیں گری لیکن انقلاب برپا ہوگیا ہے اور اب یہ انقلاب پورے ملک آکر رہے گا۔

(جاری ہے)

اب پورے پاکستان میں دھرنے دیں گے جس کی تاریخ کا اعلان بعد میں کریں گے۔ ملک کا نظام بدلنے کے لئے ہر شہری کو کھڑا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ کمزورطبقات اب انقلاب کے لیے کھڑے ہوگئے ہیں جو اپنے حقوق کے لئے طاقت ور سے لڑنے کے لئے تیار ہیں، ملک سے موجودہ نظام کے خاتمے کے لئے ہر شخص کو کھڑا ہونا ہوگا پاکستان میں اب یہ جعلی جمہوریت برقرار نہیں رہ سکتی اگر ملک میں موجود نظام حکومت رہا تو پاکستان کی کشتی ڈوب جائے گی۔

طاہرالقادری نے کہا کہ ان کی حکومت آئی تو نہ صرف فیصل آباد، ملتان اور سرگودھا کو الگ صوبہ بنائیں گے بلکہ سرایئکیوں سمیت تمام عوام کی خواہشات کے مطابق مزید صوبے بنائے جایئں گے اور عوام کی سہولت کے لئے ہر ضلع میں ہائی کورٹ بنائیں گے تاکہ لوگوں کو اپنے مقدمات کے لئے دور نہ جانا پڑے۔ جلسے سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ 2 سال میں پورے ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کردی جائے گی اور میرے پاس بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات کا حل ہے جو مینار پاکستان پر ہونے والے جلسے میں بتاؤں گا۔

طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ ان کا جرم صرف یہ ہے کہ انہوں نے غریبوں کے حق کی بات کی، ملک میں ہر غریب کو روٹی، کپڑا، مکان، معیاری علاج اور یکساں تعلیم معیار دینے کی بات کی لیکن حکمرانوں نے غریبوں کی آواز بلند کرنے کے الزام میں ماڈل ٹاون میں قیامت برپا کردی۔ طاہرالقادری نے کہا کہ 60 سالوں میں کوئی بھی حکومت ملک کو قرضوں کی لعنت سے نجات نہیں دلا سکی بلکہ ہر دور حکومت میں مزید قرضہ کا بوجھ عوام کے کندھوں پر ڈالا گیا ہے حکمرانوں نے اڑبوں ڈالر قرضہ لیا ہے اور مزید لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر میں 6 مہینے بیرون ملک دورے کروں تو بیرون ملک میں مقیم پاکستانی ان کی کال پر پاکستان کا سارا قرضہ ادا کردیں گے۔خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ ملک میں بادشاہت نہیں چل سکتی،اب انقلاب آگیا ہے اب موجودہ حکومت برسراقتدار نہیں رہے گی، انقلاب کی تحریک کی ابتداء بھی1970ء میں فیصل آباد سے ہوئی تھی جب مزدوروں،غریب،کمزور لوگوں نے طاقتور کے ساتھ لڑنے کا عہد کیا تھا مگر وہ انقلاب نامکمل رہ گیا تھا،اب انقلاب پاکستان میں آکر رہے گا،اب باریاں نہیں چلیں گی،19اکتوبر کو لاہور کے جلسہ میں بہت اہم اعلان کروں گا ۔

دھوبی گھاٹ فیصل آباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ میں نے گورنمنٹ کالج فیصل آباد میں دو سال تعلیم حاصل کی جو کہ اب یونیورسٹی بن چکی ہے اور فیصل آباد کے محنت کش فیکٹریوں میں کام کرنے والے اور دیگر کمزور طبقہ کے لوگوں کو جانتا ہوں اور ان کی وجہ سے آج پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ ان کی ہمدردیاں ہیں اور یہ سب کچھ 17جون کو سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہونے والے واقعہ کی وجہ سے انقلاب آرہا ہے،اب یہ انقلاب کسی صورت میں بھی اور دنیا کی کوئی طاقت بھی اس کو نہیں روک سکتی۔

انہوں نے کہا کہ یہ انقلاب اسی طرح ہے جس طرح روس،فرانس،چین اور دیگر ممالک میں آیا تھا۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہا کہ عوام کی فتح ہوچکی ہے،یہ دو ماہ کا دھرنا ملک گیر دھرنا بن چکا ہے،فیصل آباد کا یہ ٹھاٹھے مارتا ہوا سمندر عوام کا ریفرنڈم ہے اور حکومت کی یہ واضح شکست ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ انقلاب ہر صورت آکر رہے گا،بے شک انتخابات یا ہماری جماعت کی قربانیوں کی وجہ سے ہو،کیونکہ عوام اپنے حقوق کے ذریعے قائد اعظم کا حقیقی پاکستان چاہتے ہیں،اس میں کرپشن اور سفارش نام کی کوئی چیز نہ ہو،اب ملک میں کروڑوں غریبوں کو ان کے حقوق دینے کیلئے کوئی طاقت ان کے سامنے نہیں آسکتی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بادشاہت کو نہیں چلنے دیں گے۔خبر رساں ادارے کے مطابق ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ لانگ مارچ اور دھرنوں میں انگلینڈ اور دیگر یورپین ممالک کے عوام نے میری جماعت کے کارکنوں کیلئے جو فنڈ بھجوائے تھے میں ان کا بہت جلد شکریہ ادا کرنے کیلئے انگلینڈ،کینیڈا اوردیگر یورپی ممالک میں جاؤں گا اور آئندہ پاکستان میں ہونے والے انتخابات کے بارے میں ان کی مالی امداد حاصل کرنے کے علاوہ آئندہ کا لائحہ عمل بھی مرتب کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میرا آنا جانا پاکستان اور یورپی ممالک میں جاری رہے گا اور وہاں بھی اپنی تنظیم کو مزید منظم کروں گا۔ڈاکٹر طاہر القادری نے بتایا کہ ملک میں مارشل لاء آنے کا کوئی خطرہ نہیں اس کا ان لوگوں کو خطرہ ہے جن کو ڈر اور ان کے اندر کا خوف ہے جنہوں نے غیر قانونی طور پر دولت لوٹی اور اپنے خاندان کو فیکٹریوں کا مالک بنایا۔انہوں نے پیپلزپارٹی کے رہنما آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ان کو پتہ چل جائے گا کہ ان کی حیثیت کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ فیصل آباد میں کل قیام کریں گے اور یہاں اپنا تاجروں ،صنعتکاروں،مختلف سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں اور دیگر رہنماؤں سے ملنے کے علاوہ آئندہ انتخابات کیلئے بھی بات چیت کریں گے،14اور15اکتوبر کو ضلع جھنگ اور چینیوٹ کے سیلاب متاثرین سے ملاقاتیں کرنے کے ساتھ ساتھ امداد بھی تقسیم کریں گے اور16اکتوبر کو واپس اسلام آباد کے دھرنے میں شریک ہوں گے۔

طاہر القادری نے مزید کہا کہ 23اکتوبر کو خیبرپختونخوا کے ہزارہ ڈویژن کے شہر ایبٹ آباد میں بھی جلسہ کریں گے اور مزید جلسوں کے پروگرام کے بعد وہ یورپی ممالک میں اپنے پاکستانی بھائیوں کا شکریہ ادا کرنے کیلئے جائیں گے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ سردست ان کا کینیڈا کی شہریت کا کوئی ارادہ نہیں ہے،انتخابات کے موقع پر وہ دیکھیں گے کہ آیا انہیں کینیڈا کی شہریت رکھنی چاہئے یا نہیں،مگر اب زیادہ تر قیام ان کا پاکستان میں ہی ہوگا،انہوں نے کہا کہ اگر ہماری جماعت برسراقتدار آگئی تو 1973ء کے آئین کے مطابق قادیانیوں کو غیرمسلم قرار دئیے جانے کی شق کو ہرگز تبدیل نہیں کریں گے کیونکہ مرزائی غیرمسلم ہیں اور انہیں ہماری جماعت کسی صورت بھی دوبارہ مسلمانوں کے صف میں کھڑا نہیں کرسکتی۔

طاہر القادری نے مزید کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں انہیں قادیانی اورایسی کئی بعض تنظیمیں جو ختم نبوت پر ایمان نہیں رکھتی ان کے ساتھ ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں مزید بتایا کہ ابھی ہماری جماعت کا فی الحال الیکشن میں کسی جماعت سے کوئی اتحاد نہیں ہے،ہم ہر شہر میں جلسے کرکے اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں گے اور وقت بتائے گا کہ ہمارے ساتھ پاکستان کے عوام کی اکثریت ہے،اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ وہ چھ ماہ میں یورپی ممالک اور جاپان کے دورے کر کے تمام قرضے اتار دینگے اور ملک سے غربت کا نہ صرف خاتمہ ہوگا بلکہ پاکستان دیگر ممالک کو بھی قرضے دینے کی پوزیشن میں ہوگا ۔