بھارتی فو ج کی نیزہ پیر اور کیرنی میں کنٹرول لائن کی خلاف ورزی، دو گھنٹے تک فائرنگ اور گولہ باری سے دو افراد زخمی ،پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی ،بھارت کی جانب سے سیزفائر کی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیا جائیگا ، آئی ایس پی آر

اتوار 12 اکتوبر 2014 09:26

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اکتوبر۔2014ء) بھارتی افواج کی نیزہ پیر اور کیرنی میں کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دو گھنٹے تک فائرنگ اور گولہ باری سے دو افراد زخمی ہوگئے میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی افواج نے ایک بار پھر کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہفتہ کے روز مظفر آباد کے قریب نیزہ پیر اور کیرنی کے علاقوں میں شدید فائرنگ اور گولہ باری کی جو دو گھنٹے تک جاری رہی بھارتی جارحیت کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے بھارتی فائرنگ کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور بھارتی توپوں کو خاموش کرادیا۔

(جاری ہے)

ادھربھارتی فوج کی جانب سے راولاکوٹ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ سے 70سالہ شخص زخمی ہوگیا ، پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے راولاکوٹ سیکٹر پر فائرنگ کی فائرنگ سے موری گاؤں کا 70سالہ شخص ولی محمد زخمی ہوگیا پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی ۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا ۔