آخری سیلاب زدہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھا جائیگا،وزیر اعظم، متاثرین کے جذبات سے آگاہ ہیں ، انکے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے ،حکومت سیلا ب زدہ علاقوں کے عوام کی جلدبحالی اور ہرشخص کو اس کے قدموں پر دوبارہ کھڑا کرنے کیلئے تمام وسائل برو ئے کا ر لائے گی ، جھنگ کے سیلاب متاثرین میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کی تقریب سے خطاب

اتوار 12 اکتوبر 2014 09:26

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اکتوبر۔2014ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہاہے کہ حکومت سیلا ب زدہ علاقوں کے عوام کی جلدبحالی اور ہرشخص کو اس کے قدموں پر دوبارہ کھڑا کرنے کیلئے تمام وسائل برو ئے کا ر لائے گی اور آخری سیلاب زدہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھا جائیگانیز وہ سیلاب متاثرین کے جذبات سے آگاہ ہیں اس لئے ان کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے ، یہ بات انہوں نے جھنگ کے سیلاب سے متاثرہ علاقے بستی جنڈیانہ خانوآنہ آباد میں متاثرین سیلاب میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ متاثرین سیلاب کو 25ہزارروپے کی امدادی رقم کی دوسری قسط کی ادائیگی 20اکتوبر سے شروع کردی جائے گی اور تمام گھروں ، فصلات ، مویشیوں و دیگر اثاثوں کو پہنچنے والے نقصان کا مکمل ازالہ کیاجائیگا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں دریاکے کٹاؤ سے تباہ ہونے والے علاقے موضع جوگیرہ کو دوبارہ آباد کرنے سمیت کٹاؤ روکنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے۔مزید برآں دنیا میں اتنے برق رفتار ریلیف کی کہیں مثال نہیں ملتی جتنی پنجاب میں حالیہ سیلاب کے بعد دیکھنے میں آئی جس کیلئے وہ شہباز شریف ، چیف سیکرٹری اور ان کی ٹیم کے دیگر ارکان کو متاثرین سیلاب کی مشکلات کم کرنے کی غرض سے دن رات ایک کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سیلاب زدگان کی مدد کرنا ان پر کوئی احسان نہیں بلکہ یہ حکومت کافرض ہے جس کے پیش نظر بلاتخصیص و بلا امتیاز ہرشخص کا نقصان پوراکیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ سیلاب ایک بڑی قدرتی آفت تھی جس نے ہزاروں لاکھوں لوگوں کے گھروں ، فصلات ، مال مویشیوں کو اپنی لپیٹ میں لینے سمیت روز مرہ زندگی کا نظام بھی مفلوج کرکے رکھ دیا لیکن سخت آزمائش اور مشکل کی اس گھڑی میں جس حوصلے ، صبر اوراستقلال سے متاثرین نے مشکل حالات کامقابلہ کیا وہ اس پر داد کے مستحق ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ آج متاثرین سیلاب کے درمیان آ کر وہ محسوس کرتے ہیں کہ جس مشکل گھڑی سے متاثرین گزرے ہیں بالکل اسی طرح ان کے جذبات بھی ان کے ساتھ اور دل بھی انہی کے ہمراہ دھڑک رہاہے لیکن وہ اس بات پر مطمئن ہیں کہ وہ عوام کی مدد اور متعلقہ حکام کی شبانہ روز جدوجہد سے نہ صرف قوم کے سامنے سرخروہوئے بلکہ سیلاب زدگان کی دیکھ بھال کیلئے بھی ان کے ساتھ ساتھ رہے۔

انہوں نے کہاکہ شہباز شریف اس علاقے میں سیلاب سے لے کر اب تک 5بار آچکے ہیں جبکہ ان کا بھی یہ دوسرا دورہ ہے لیکن وہ اس بات کا عزم رکھتے ہیں کہ جب تک آخری شخص اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہو جائیگا وہ سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کرتے رہیں گے ۔ نواز شریف نے کہاکہ حکومت نے تمام وسائل سیلاب زدگان کی بحالی اور ان کی امدادی سرگرمیوں کیلئے وقف کر دیئے ہیں حتیٰ کہ حکومت کے پاس جتنے ہیلی کاپٹرز بھی موجود تھے ان سب کو سیلاب زدگان کی مدد کیلئے استعمال کیا گیا اور ہزاروں لوگوں کو سیلابی پانی سے نکال کرمحفوظ مقام پر منتقل کرتے ہوئے ان کی جانیں بچائیں گئیں۔

اسی طرح ایسے علاقوں میں جہاں کشتیوں یا دیگر ذرائع سے پہنچنا ممکن نہ تھا وہاں ہیلی کاپٹرز کے ذریعے کھانے پینے کا سامان پہنچانے کی پوری کوشش کی گئی ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ سیلابی پانی کا ریلہ گزرتے ہی وفاقی وصوبائی حکومتوں نے فوری طور پر نقصانات کا اندازہ لگانا شروع کردیا تاکہ علم ہو سکے کہ کتنی فصلات کو نقصان پہنچا ، کتنے گھر مکمل ، کتنے جزوی تباہ ہوئے ،کتنے مال مویشیوں کی ہلاکت ہوئی اور کتنی قیمتی انسانی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑے۔

انہوں نے کہاکہ نقصانات کاسروے تقریباً مکمل ہو چکاہے لہٰذا حکومت تمام نقصان کا پورا پورا معاوضہ ادا کرے گی انہوں نے کہاکہ موضع جوگیرہ کا علاقہ دریا کے کٹاؤ سے مکمل طور پر دریا برد ہو گیا ہے اور علاقے میں بڑی تباہی ہوئی ہے تاہم مذکورہ موضع سمیت دیگر ملحقہ علاقہ جات کو درپیش خطرات سے بچنے کیلئے دریا کے کٹاؤ کا مستقل سد باب کیاجائیگاتاکہ آئندہ اس قسم کاکوئی واقعہ رونما نہ ہو۔

انہوں نے کہاکہ حکومت عوام پر کوئی احسان نہیں کررہی بلکہ اپنا فرض ادا کر رہی ہے تاکہ عوام کے نقصان سمیت ان کیدکھ درد کامداوہ ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ مشکل حالات کے باوجود عوام کا جذبہ قابل رشک ہے اور وہ اللہ سے دعا گوہیں اس موقع پر انہوں نے کھیوہ گرلز ہائی سکول کو کالج کا درجہ دینے کا بھی اعلان کیا۔