بھارت لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے ، پا کستا ن ، بھارت حقائق جاننے کیلئے اقوام متحدہ کے مبصرین کو تحقیقات کا موقع دے‘ جہاں سے فائرنگ ہوتی ہے وہاں سے جواب دیا جاتا ہے،‘ پاکستان پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام غلط ہے، کشمیری بہن بھائیوں پر فائرنگ کا سوچ بھی نہیں سکتے،پاکستان کشمیری عوام کی وکالت کرتا رہے گا ،کنٹرول لائن پر فائرنگ کرکے پاکستان کو مذاکرات کی میز پر نہیں لایا جاسکتا، ڈرون حملے پاکستان کی سلامتی کیخلاف ہیں، تر جما ن دفتر خارجہ کی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ

ہفتہ 11 اکتوبر 2014 08:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اکتوبر۔2014ء) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے‘ پاکستان تمام مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے‘ پاکستان پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام غلط ہے‘ بھارت حقائق جاننے کیلئے اقوام متحدہ کے مبصرین کو تحقیقات کا موقع دے‘ جہاں سے فائرنگ ہوتی ہے وہاں سے جواب دیا جاتا ہے۔

گذشتہ کئی روز سے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت پر ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر لائن آف کنٹرول پر ہونے والی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی وہ صرف جوابی کارروائی کرتا ہے۔ پاکستان نے ا یل او سی پر فائرنگ شروع نہیں کی۔

(جاری ہے)

پاکستان دفاعی کارروائی میں بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کررہا ہے لائن آف کنٹرول کے اطراف میں ہمارے کشمیری بہن بھائی مقیم ہیں ہم کشمیری بہن بھائیوں پر فائرنگ کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

انہوں نی کہا کہ پاکستان بھارت کیساتھ تمام مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے چاہتا ہے۔

مذاکرات کے ذریعے مسائل حل نہ کرنے کی ذمہ داری بھارت سرکار پر عائد ہوتی ہے کیونکہ انہوں نے ہی سیکرٹری خارجہ سطح پر مذاکرات کو منسوخ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کا ذمہ دار پاکستان کو نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔ ہم نے لائن آف کنٹرول پر اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو دورہ کروایا ہے بھارت بھی ان فوجی مبصرین کو آزاد تحقیقات کی اجازت دے۔

مشرقی سرحد پر اضافی فوجیوں کی تعیناتی پر تبصرہ نہیں کرسکتی۔ کنٹرول لائن کا معاملہ پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھی اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری لائن آف کنٹرول کی صورت حال کو دیکھ رہی ہے،ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیری عوام کی وکالت کرتا رہے گا اور کنٹرول لائن پر فائرنگ کرکے پاکستان کو مذاکرات کی میز پر نہیں لایا جاسکتا ڈرون حملوں سے متعلق ترجمان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے پاکستان کا موقف واضح ہے کہ ڈرون حملے پاکستان کی سلامتی کیخلاف ہیں۔