پاکستان کے توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور بجلی کی پیداواری صلاحیت بہتر بنانے میں معاونت، پالیسی اور نجی شعبے کے کردار میں ہم آہنگی کے لئے پاکستان- امریکہ ورکنگ گروپ کا آئندہ اجلاس اسلام آباد میں 2015 ء بلایا جائے گا، پاکستان کا اطلاعاتی و مواصلاتی ٹیکنالوجی کا ایک تجارتی وفد پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور پاکستان کے سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین مفتاح اسماعیل کی قیادت میں آئندہ ہفتے امریکی ریاست کیلی فورنیا روانہ ہوگا، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی واشنگٹن میں امریکی ڈپٹی سیکریٹری ولیم جے برنز اور انڈر سیکر یٹری آف اسٹیٹ برائے اقتصادی امور ، توانائی اور ماحولیات کیتھرین نویلی سے ملاقات، باہمی دلپچسپی کے مختلف تزویراتی معاملات اور اقتصادی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

ہفتہ 11 اکتوبر 2014 08:52

واشنگٹن ڈی سی/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اکتوبر۔2014ء) پاکستان اور امریکہ نے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور بجلی کی پیداواری صلاحیت میں بہتری کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات میں تعاون کی غرض سے پالیسی، معاونت اور نجی شعبے کے کردار میں ہم آہنگی کے لئے ورکنگ گروپ کا آئندہ اجلاس پاکستان میں2015 ء کے اوائل میں بلانے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ پاکستان کا اطلاعاتی و مواصلاتی ٹیکنالوجی کا ایک تجارتی وفد پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور پاکستان کے سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین مفتاح اسماعیل کی قیادت میں آئندہ ہفتے امریکی ریاست کیلی فورنیا روانہ ہوگا۔

جمعہ کے روز وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے واشنگٹن میں امریکی ڈپٹی سیکریٹری ولیم جے برنز اور انڈر سیکر یٹری آف اسٹیٹ برائے اقتصادی امور ، توانائی اور ماحولیات کیتھرین نویلی سے ملاقات کی ،جس دوران باہمی دلپچسپی کے مختلف تزویراتی معاملات اور اقتصادی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

یہ ملاقات امریکہ پاکستان اسٹراٹیجک مذاکرات کے معاشی و مالیاتی ورکنگ گروپ کا اجلاس کے دوران ہوئی جو کہ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اور امریکہ کی انڈر سیکریٹری کیتھرین نوویلی نے پاکستان کی معاشی اصلاحات کی کوششوں سے متعلق بات چیت کے لئے بلایا تھا،اجلاس کا مقصد دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع اور ان شعبوں کی نشاندہی کرناتھا اورجدت اور ٹیکنالوجی کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو بہتر بنانے کے لئے خصوصی اقدامات اور عالمی معیشت میں پاکستان کی مسابقتی صلاحیت کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

امریکی وفد میں محکمہ خارجہ ، امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی، محکمہ خزانہ اور امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔

دونوں ممالک کے وفود نے مجموعی معاشی استحکام اور معاشی نمو کو فروغ دینے کے لئے پاکستان کے جاری اقدامات پر بات چیت کی۔ پاکستان نے اصلاحات کے ایجنڈے کو برقرار رکھنے کے لئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ ملکر پیش رفت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے پاکستان کی توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر روشنی ڈالی، جن کی بدولت قابل تجدید توانائی کے شعبے میں بڑھتی ہوئی امریکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ انڈر سیکریٹری کیتھرین نوویلی نے پاکستان میں صاف اور قابل تجدید توانائی کے پھیلاؤ اور متعدد ہوائی چکیوں کے فارموں میں پیش رفت کے لئے یو ایس ایڈ اور اوور سیز پرائیویٹ انویسٹمنٹ کارپوریشن (اوپک) کے تعاون کو اجاگر کیا۔

فریقین نے پاکستان کی توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور بجلی کی پیداواری صلاحیت کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات میں تعاون کی غرض سے پالیسی، معاونت اور نجی شعبے کے کردار میں ہم آہنگی کے لئے ورکنگ گروپ کا آئندہ اجلاس پاکستان میں2015 ء کے اوائل میں بلانے پر اتفاق کیا۔دونوں فریقین نے آئندہ پانچ برسوں میں دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے وزیر اعظم نواز شریف اور صدر اوبامہ کے عزم کو عملی جامہ پہنانے کی کوششوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔

پاکستان یو ایس پاکستان کاروباری مواقع سے متعلق کانفرنس 2015ء کے اوائل میں اسلام آباد میں منعقد کرے گا اور دونوں ممالک کاروباری شعبے سے وابستہ خواتین کے لئے ترقی کے مواقع میں اضافے کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔ فریقین نے پاکستانی آم کی امریکی منڈیوں تک رسائی میں تعاون اور پاکستان میں زندہ مویشیوں کی درآمد سے متعلق پیش رفت کا بھی اعتراف کیا۔

پاکستان کا اطلاعاتی و مواصلاتی ٹیکنالوجی کا ایک تجارتی وفد پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور پاکستان کے سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین مفتاح اسماعیل کی قیادت میں آئندہ ہفتے امریکی ریاست کیلی فورنیا روانہ ہوگا۔ قبل ازیں بدھ کو یو ایس ایڈ اور یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب میں وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اور وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے دیامیر بھاشا ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم میں متوقع کاروباری مواقع سے امریکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کوآگاہ کیا۔

یہ اجلاس توانائی کے شعبے میں امریکہ اور پاکستان کی مشتر کہ کوششوں کے علاوہ ہے، جن کی بدولت اس سال کے آخر تک پاکستان کے گرڈ میں ۰۰۴۱ میگاواٹ بجلی شامل ہوگی جس سے ایک کروڑ ساٹھ لاکھ پاکستانی مستفید ہوں گے۔