پاک فوج انتہائی مشکل جنگ لڑ رہی ہے،ملک کی خاطر جان قربان کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں، وزیراعظم نواز شریف ،فوج چھپے ہوئے دشمن کے ساتھ مقابلہ کررہی ہے جو چھپ کر حملہ کرتا ہے،جنرل راحیل کو مبارکباد دیتا ہوں جن کی قیادت میں ملک کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی جنگ کامیابی سے لڑ جا رہی ہے، وزیراعظم کا میرانشاہ میں جوانوں اور افسران ،بکا خیل کیمپ میں آئی ڈی پیز سے خطاب

جمعہ 10 اکتوبر 2014 09:18

میرانشاہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اکتوبر۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج انتہائی مشکل جنگ لڑ رہی ہے ، فوج ایسی جنگ لڑ رہی ہے جس میں دشمن چھپ کر وار کرتا ہے ، مسلح دہشتگردی کیخلاف یہ جنگ جیت رہے ہیں ، ملک کی خاطر جان قربان کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں ۔ میرانشاہ کے دورے پر جوانوں اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جس بہادری کے ساتھ فوج جنگ لڑ رہی ہے وہ قابل تحسین ہے میرانشاہ آکر بہت خوشی محسوس کررہا ہوں مجھے آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ہے اس میں کامیابی پر اپنی طرف سے اور پوری قوم کی طرف سے جوانوں اور افسران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں فوج چھپے ہوئے دشمن کے ساتھ مقابلہ کررہی ہے جو چھپ کر حملہ کرتا ہے ۔

جنگ میں جتنے بھی جوان اور افسران شہید ہوئے ہیں اللہ تعالیٰ سے دعا ہے ان کو جوار رحمت میں جگہ دے اور ان کے لواحقین کو صبر جمل عطا کرے شہید قوم کے ہیرو ہیں پاکستان کے مستقبل کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج جنگ جیت رہے ہیں پاکستان ہمیشہ کیلئے پرامن ملک بن جائے گا ۔ جنرل راحیل شریف کو مبارکباد دیتا ہوں ان کی قیادت میں پاکستان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی جنگ کامیابی سے لڑ رہی ہے ۔

دریں اثناء میرانشاہ کے دورے کے دوران وزیراعظم کو آپریشن ضرب عضب کے بارے میں بریفنگ دی گئی وزیراعظم آپریشن میں مصروف افسروں اور جوانوں سے ملاقات بھی کی ۔ بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ آپریشن کامیابی سے جاری ہے شمالی وزیرستان کا نوے فیصد حصہ دہشتگردی سے کلیئر کرالیا گیا ہے دہشتگردی سے برآمد ہونے والا بھاری اسلحہ بھی وزیراعظم کو دکھایا گیا ہے وزیراعظم نواز شریف دورہ میرانشاہ کرنے والے پہلے وزیراعظم بن گئے ہیں میرانشاہ پہنچنے پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم کا استقبال کیا وزیراعظم نے جوانوں سے ملاقات کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی اور آپریشن کی کامیابی پر مبارکباد بھی دی ۔

ادھروزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ آئی ڈی پیز مشکل دور سے گزررہے ہیں ، نقل مکانی کرنے والوں نے پاکستان کیلئے اپنا گھر بار چھوڑا ہے ، متاثرین کی گھروں کوواپسی تک حکومت دیکھ بھال کرے گی ، متاثرہ علاقوں میں گھروں اورسڑکوں کی تعمیر نو کی جائے گی ، بکا خیل کیمپ میں نقل مکانی کرنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نقل مکانی کرنے والو ں نے پاکستان اور قوم کیلئے اپنا گھر چھوڑا ہے آئی ڈی پیز کی قربانی اللہ تعالیٰ کو پسند آئے گی اور اللہ تعالیٰ اس کا اجر دونوں جہانوں میں دے گا مجھے یقین ہے کہ نقل مکانی کرنے والے عزت کے ساتھ اپنے گھروں کو جائینگے ۔

شمالی وزیرستان کے عوام کی قربانیاں بے مثال ہیں متاثرین کی بحالی تک حکومت مدد جاری رکھے گی میرانشاہ کو دہشتگردی سے پاک کرنے کے بعد آج تمام علاقے کو دیکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر سکھائیں گے تاکہ وہ خود پر انحصار کرسکیں شمالی وزیرستان کو ترقی یافتہ علاقہ بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا کر اقدامات کرینگے ۔ آباد کاری کے لیے جامع منصوبے بنائینگے دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں کو ترقی یافتہ بنائینگے