شیخ رشید کو مسلم لیگ (ن) سے نہیں، اپنے بھائیوں اور بھتیجوں سے خطرہ ہے:چوہدری عابد شیر علی ،نواز اور شہباز پر حملوں کا الزام لگاتے ہوئے شرم آنی چاہیئے، تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے بینڈ ماسٹر شیخ رشید کو ہم نے کبھی دھرنوں کا ماسٹر مائنڈ نہیں کہا،رشید بٹ سے شیخ رشید کیسے بنا ہمارا منہ نہ کھلوایا جائے تو بہتر ہے، سانحہ خیابان میں انواری گن مین اور دیگر کو کس نے مروایا ساری دنیا جانتی ہے،دوسروں کے گھروں میں اجلاسوں میں ،قبرستانوں اور عید گاہوں میں گھس کر منفی نعرے لگائے جائیں گے توجذبات میں ردعمل بھی یقینی ہوگا،شیخ رشید کی پریس کانفرنس پر ردعمل

جمعہ 10 اکتوبر 2014 09:14

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اکتوبر۔2014ء ) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ شیخ رشید کو مسلم لیگ (ن) سے نہیں بلکہ اپنے بھائیوں اور بھتیجوں سے خطرہ ہے جنہوں نے شیخ رشید کی بہاولپور جیل کی اسیری کے دوران ان کی جگہ سنبھالنے کیلئے واسکٹیں پہن لی تھیں، رشید بٹ سے شیخ رشید کیسے بنا ہمارا منہ نہ کھلوایا جائے تو بہتر ہے۔

رشید بٹ پرگلوں بٹوں نے گندے انڈے پھینکے ہیں تو یہ ان کی برادری کا مسئلہ ہے وہ اس مسئلے میں حکومت کو خوامخواہ نہ الجھائیں۔جمعرات کے روزشیخ رشید کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ میں ذاتی طور پر شیخ رشید کا بہت احترام کرتا ہوں لیکن جب وہ گندی مچھلی بیچتے ہیں تو دل دکھتا ہے،نواز شریف اور شہباز شریف پر حملوں کا الزام لگاتے ہوئے انہیں شرم آنی چاہیئے، سانحہ خیابان میں انواری گن مین سمیت دیگر کارکنوں کو الیکشن جیتنے کیلئے کس نے مروایا ساری دنیا جانتی ہے،انہوں نے کہا کہ ایک طرف شیخ رشید جس پریس کانفرنس میں کہتے ہیں کہ وہ مریم بیٹی اور حمزہ سمیت دیگر بچوں پر تنقید نہیں کرتے اسی پریس کانفرنس میں حسین نواز پر تنقید کرکے آخر وہ کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں؟۔

(جاری ہے)

چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ رشید بٹ سے شیخ رشید کیسے بنا ہمارا منہ نہ کھلوایا جائے تو بہتر ہے؟۔رشید بٹ پرگلوں بٹوں نے گندے انڈے پھینکے ہیں تو یہ ان کی برادری کا مسئلہ ہے وہ اس مسئلے میں حکومت کو خوامخواہ نہ الجھائیں،پرامن احتجاج اور جلسے جلوس ہر جماعت کا بنیادی حق ہے لیکن اگرجمہوریت کی ماں پارلیمنٹ ہاؤس پر حملہ کیا جائے گا، دوسری جماعتوں کی اعلیٰ لیڈر شپ کا گالیاں دی جائیں گی، ان کے پوسٹر اور بینرز پھاڑے جائیں گے ،دوسروں کے گھروں میں اجلاسوں میں ،قبرستانوں اور عید گاہوں میں گھس کر منفی نعرے لگائے جائیں گے تو دوسری طرف کے عوام کے جذبات کو کچلا نہیں جاسکتاایسے میں جذبات میں ردعمل بھی یقینی ہوگا،اسلیئے بہتر ہوگا کہ کارکنوں کو برداشت کا درس دیا جائے ،سیاست کو سیاست تک محدود رکھا جائے ذاتی دشمنیوں کو ہوا نہ دی جائے،انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے بینڈ ماسٹر شیخ رشید کو ہم نے کبھی دھرنوں کا ماسٹر مائنڈ نہیں کہا ،وہ سستی شہرت کیلئے کچھ بھی کہہ سکتے ہیں اور کچھ بھی کرسکتے ہیں۔